کراچی (جیوڈیسک) حیدری میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم کے داماد مولانا مسعود بیگ کو قتل کر دیا۔
مولانا مسعود بیگ اپنے بچوں کو اسکول سے لینے کے لئے جا رہے تھے کہ گھات لگائے ملزمان نے حیدری کے قریب ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں انھیں 3 گولیاں لگیں۔
امدادی ٹیموں کے اہلکار مولانا مسعود کو لے کر اسپتال جا رہے تھے کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ایس ایس پی سنٹرل کا کہنا ہے کہ مولانا مسعود بیگ کو سر اور سینے پر 3 گولیاں لگیں جس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔
مولانا مسعود جامعہ بنوریہ میں استاد اور مدرسے کے مہتمم مفتی نعیم کے داماد تھے، انھوں سے سوگواران میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔ مولانا مسعود کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب واقعے کے بعد ناظم آباد اور حیدری سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں حالات کشیدہ ہو گئے جب کہ مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر سڑکیں بھ بلاک کر دیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔