راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج اور فضائیہ کے سربراہان نے دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے لئے مشترکہ حکمت عملی کی تیاری پر اتفاق کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈکواٹرز راول پنڈی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے مابین اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں سربراہان نے آپریشن ضرب عضب اور مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر عسکری قائدین نےآپریشن ضرب عضب کامیاب بنانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی کی تیاری اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لانے پر بھی اتفاق کیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا ہر جگہ تعاقب کیا جائے گا اور انہیں دور دراز علاقوں میں واقع ٹھکانوں سے بھی باہر نکالا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ 3 ماہ سے پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب جاری ہے۔ گزشتہ 3 روز میں 81 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔