جاوید ہاشمی کی زندگی قربانیوں سے بھری پڑی ہے، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ بعض عناصر جمہوریت کا نام مغربی ممالک کو خوش کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں ورنہ ان عناصر کا انداز سیاست، رکھ رکھاؤ اور انداز گفتگو کسی آمریا جابر سے کم نہیں ہے۔

یہ بات الطاف حسین نے سینئر سیاستداں اور سابق رکن قومی اسمبلی مخدوم جاوید ہاشمی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، الطاف حسین نے کہا کہ آپ پاکستان کے ان گنے چنے سیاستدانوں میں شمار کیے جاتے ہیں جن کی پوری زندگی جمہوری جدوجہد اور قربانیوں سے عبارت ہے۔

بدقسمتی سے پاکستان جمہوریت کے نام پران مفادپرستوں کے ہاتھوں میں چلاگیا ہے جو جمہوریت کے نام پر پاکستان پر اپنا قبضہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور دنیا کو یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ انہیں جمہوریت سے محبت ہے جبکہ انہیں جمہوریت کی ’’جیم‘‘ سے بھی محبت نہیں ہے۔

انہوںنے مخدوم جاوید ہاشمی سے کہاکہ میں آپ کو پاکستان سے سچی محبت کرنے والا مخلص پاکستانی سمجھتا ہوںاور میرے دل میں آپ کیلئے بڑا احترام اور عزت ہے۔ آپ نے جمہوری جدوجہد کے دوران قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، قید تنہائی کاٹی، ٹارچر سیلوں کی اذیت کا سامنا کیا ہے، جس پر میں اپنی اور اپنے تمام ساتھیوں کی جانب سے آپکو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

الطاف حسین نے کہا کہ میں متعدد بار اپنے بیانات میں یہ اپیل کر چکا ہوں کہ اس وقت پورا ملک نازک صورتحال کا سامنا کر رہا ہے، طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندان ایک ایک پاکستانی کی مدد کے طالب ہیں، سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث لوگ جاں بحق ہورہے ہیں، بھوک، افلاس اور بیماریوں کا شکار ہیں، متاثرین کی عمر بھر کی پونچی ضائع ہو گئی ہے اوروہ اپنے مکانات سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے باعث سرچھپانے کی جگہ سے بھی محروم ہیں اس وقت ہرکسی کو تمام معاملات چھوڑ کر مجبوروبے کس سیلاب اور طوفانی بارشوں سے متاثرہ افراد کی مدد کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ اس وقت تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کواپنے سیاسی مفادات، اختلافات اور لڑائی جھگڑے کو روک دیناچاہیے جب تک کہ سیلاب اور طوفانی بارشوں کا سلسلہ تھم نہ جائے کیونکہ سیاست کیلئے پوری زندگی پڑی ہے۔

یہ ضروری نہیں ہے کہ ہم جس مشن ومقصد کولیکرچلے ہیں وہ آج ہی پورا کرلیں اس وقت متاثرین کو ہم سب کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ جب سانحہ ماڈل ٹاؤن کی طرح ایک اور سانحہ کا خدشہ سامنے آیا تو میں دن رات حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے نمائندوں سمیت سب سے رابطے کرکے کوشش کرتا رہا کہ کوئی اور سانحہ رونمانہ ہو۔

مخدوم جاوید ہاشمی نے الطاف حسین کے خیالات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں شکرگزار ہوں کہ آپ نے مجھے یاد رکھا، جب لندن میں آپ کو گرفتار کیا گیا تو میں نے آپ کی حمایت پر فوری بیان دیا جس پر مجھ پر تنقید بھی کی گئی لیکن میں نے واضح کردیا کہ اگر اس مشکل وقت میں الطاف بھائی کا ساتھ نہیں دونگا تو پھر کب دوں گااور اگر میرے بس میں ہوتا تو میں اس سے بڑھ کر حمایت کرتا۔

انہوں نے کہا کہ میں مڈل کلاس طبقہ سے تعلق رکھتا ہوں، میری اور آپ کی سوچ قطعی مختلف نہیں ہے۔سیلاب زدگان کیلئے جو درد آپ محسوس کر رہے ہیں، اللہ کرے کہ وہی درد پاکستان کے سیاستداں بھی محسوس کریں تو ملک کو درپیش مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔مخدوم جاوید ہاشمی نے ملک کو درپیش بحرانوں سے نجات کیلئے الطاف حسین کی کاوشوں کو بھی سراہا۔