اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں وکشمیر کے صدر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیری اتنے بے حمیت نہیں ہیں کہ وہ عمران خان جیسے وطن دشمن ایجنڈے پر کام کرنے والے شخص کو اپنا لیڈر مانیں ،عمران خان نے ہندوستان جاکر مسئلہ کشمیر کے بارے میں جس طرح کے شر انگیز بیانات دئیے تھے وہ بیانات کشمیر ی قوم اب تک بھولی نہیں ہے جو آدمی چین جیسے عظیم دوست پر بھی تنقید کرتا ہے وہ کشمیر یوں کا ہمدرد کیسے ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں با لخصوص پنجاب اور دیگر علاقوں میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے شدید نقصان کے باوجود وزیراعظم محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا جائزہ لینے اور متاثرین سے اظہار ہمدردی کیلئے دورہ کیا جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے بعض مقامات کے اسوقت تک رابطے بحال نہیں ہوسکے، حکومت فوری طورپر زمینی راستے بحال کرے ۔جن لوگوں کی زمینیں اور گھر سیلاب میں ضائع ہوئے ہیں انہیں فوری طور پر متبادل جگہ فراہم کرکے جستی چادریں، لکڑی اور سیمنٹ مہیا کیا جائے تاکہ اجڑے گھرانے دوبارہ آباد ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں مسلم لیگ(ن) کشمیری عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو متاثرین کی بحالی کیلئے میں وفاقی حکومت سے خود بات کروں گا، لیکن آزاد حکومت کو بھی چا ہئے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرے، مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر متاثرین کی بحالی میں کسی قسم کی غفلت کوتاہی اور غیرشفافیت کو برداشت نہیں کرے گی اور اگر کسی نے لوگوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی تو ان کا محاسبہ کیا جائیگا۔