کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں ٹارگٹ کلنگز کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کراچی میں جس طرح مختلف فقہوں اور مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو چن چن کر نشانہ بنایا جارہا ہے اس سے ایسا لگتا ہے۔
کہ کراچی کو فساد اور خونریزی کی آگ میں جھونکنے کیلئے ایک سازش کے تحت ٹارگٹ کلنگ کا سوئچ آن کر دیا گیا ہے۔ اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ تین روز قبل ممتاز عالم عباس کمیلی کے صاحبزادے علی اکبر کمیلی اور آج جامعہ بنوریہ سائٹ کے مہتمم مفتی نعیم کے داماد مولانا مسعو دبیگ کو نشانہ بنا کر شہید کر دیا گیا۔
اس کے بعد شہرمیں تسلسل کے ساتھ قتل اور دہشت گردی کے واقعات ہوئے ، کورنگی میں مسلح دہشت گردوں نے دکان پر فائرنگ کی ایک مخصوص مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے تین افرادکوجاں بحق کر دیا۔ فیڈرل بی ایریا میں ایم کیوایم کے کارکن اور رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر رضوی کے کوآرڈی نیٹر سلمان کاظمی کو مسلح دہشت گردوں نے اس وقت فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔
جب وہ نائی کی دکان میں بال کٹوارہے تھے۔ اسی طرح سرجانی ٹاؤن میں ایم کیو ایم کے کارکن محمد عرفان ملک کے بھائی عمران ملک اور لیاقت آباد ایف سی ایریا میں اورنگی ٹاؤن سیکٹر کے کارکن قیصر کے بڑے بھائی کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا۔
الطا ف حسین نے کہاکہ شہرمیں درندہ صفت دہشت گرد مختلف فقہوں اور مسالک سے تعلق رکھنے والے معصوم وبے گناہ افراد کو نہایت آزادی کے ساتھ نشانہ بنا رہے ہیں، لوگوں کا خون بہا رہے ہیں جبکہ پولیس، رینجرز اور دیگر سرکاری ادارے اس قتل و غارتگری اور دہشت گرد ی کو روکنے میں مکمل طور پر نا کام نظرآتے ہیں۔
اگر پولیس، رینجرز اور دیگر سرکاری ادارے شہریوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم نہیں کر سکتے تو عوام کو صاف بتا دیا جائے کہ وہ اپنا تحفظ خود کریں۔ الطاف حسین نے صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ قتل اور دہشت گردی کے ان بڑھتے ہوئے واقعات کو سنجیدگی سے لیا جائے۔
قتل و غارتگری کے واقعات میں ملوث سفاک دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور شہریوں کو ان سفاک عناصر سے تحفظ فراہم کیاجائے۔ الطاف حسین نے سلمان کاظمی شہیداور دیگر واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے افراد کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔