کراچی (جیوڈیسک) بانی پاکستان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 66 واں یوم وفات آج ملک بھر میں انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا رہا ہے۔ بابائے قوم کے یوم وفات پر کراچی سمیت ملک بھرمیں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔
قائداعظم محمد علی جناح کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی جائے گی، بانی پاکستان کے مزار پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، سندھ کابینہ کے ارکان، سیاسی اور سماجی تنظیموں کے رہنما، قائد اعظم کے اہل خانہ سمیت شہریوں کی بڑی تعداد حاضری دیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔
ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی سرکاری اورنجی سطح پر تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں مقررین قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی پر روشنی ڈالیں گے اور برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کے قیام کی جدوجہد اور شاندار خدمات پر قائداعظم کو زبردست خراج عقیدت پیش کریں گے جب کہ تقاریب میں سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
قائداعظم کے 66 ویں یوم وفات پر الیکٹرونک میڈیا نے مختلف پروگرامز نشت کئے جائیں گے جب کہ پرنٹ میڈیا میں بھی مختلف مضامین شائع ہوں گے جن میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی پر روشنی ڈالی جائے گی۔
قائد اعظم محمد علی جناحؒ 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے اور 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں باقاعدہ شرکت کی اور برصغیر پاک وہند کو انگریزوں کے تسلط سے نجات دلانے اور مسلمانوں کے لیے الگ وطن کے حصول کی جدوجہد میں مصروف ہو گئے اور ان کی انتھک کاوشوں کی بدولت 14 اگست 1947 کو پاکستان معرض وجود میں آیا، قائد اعظم پاکستان کے پہلے گورنر جنرل بنے اور 11 ستمبر 1948 کو پوری قوم کو روتا چھوڑ کر خالق حقیقی سے جاملے۔