گجرات (جیوڈیسک) گجرات میں سیلاب سے بے گھر ہونے والے ضعیف العمر جوڑے نے شادی کر کے اپنا گھر پھر سے بسا لیا ، باراتیوں نے ڈھول کی تھاپ پر والہانہ رقص کر کے بزرگ جوڑے کی خوشیاں دوبالا کر دیں۔
گجرات کے قصبہ کری شریف کا اسی سالہ بزرگ بابا خادم جس کے گھر کو سیلاب اپنے ساتھ بہا لے گیا۔ بے رحم لہروں نے جہاں بابا خادم کے گھر کو برباد کیا وہیں پچھہتر سالہ بیوہ عاصمہ بی بی کا آنگن بھی اجاڑ دیا ، جب کوئی ٹھکانہ نہ رہا تو بے سہارا خاتون نے سیالکوٹ میں مقیم اپنے رشتہ داروں کے ہاں رہائش اختیار کر لی۔
دکھ کی اِس گھڑی میں بزرگ جوڑے نے دربدری سے بچنے کیلئے ایک ہونے کا فیصلہ کیا ، بات پکی ہوئی تو دونوں نے چٹ منگنی پٹ بیاہ کر لیا۔ سیلاب کے باعث جہاں گاؤں میں ہرطرف اداسی تھی اب وہاں خوشیوں کے شادیانے بج رہے ہیں۔ سیلاب متاثرہ مکین بھی اپنے غم بھول کر بزرگ جوڑے کی خوشیوں میں شریک ہو گئے۔ بابا خادم کی بارات واپس گاؤں پہنچی تو خواتین نے چھتوں پر چڑھ کر دلہا دلہن کا استقبال کیا۔