ریلیف میں کوتاہی کی ذمہ دار مقامی انتظامیہ ہو گی: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں اٹھارہ ہزاری، گڑھ مہاراجہ، شورکوٹ، باسو آستانہ موضع ایک سو اٹھارہ اور دال موڑ سمیت درجنوں دیہات کا فضائی جائزہ لیا اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرین میں امدادی سامان اور کھانے پینے کی اشیا تقسیم کیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب لیہ کے علاقے چوبارہ بھی پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

انہوں نے انگورا گوٹھ فارم میں قائم ریلیف کیمپ اور ایک ہزار ٹینٹ پر مشتمل خیمہ بستی کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر وہ سیلاب متاثرین میں گھل مل گئے اور اُن سے مسائل دریافت کیے۔ شہباز شریف نے اپنی نگرانی میں ایک بچے کے پاؤں کی ڈریسنگ بھی کرائی۔

سیلاب متاثرین سے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ متاثرین کے ریلیف میں کوتاہی نظر آئی تو مقامی انتظامیہ ذمہ دار ہو گی۔ متاثرین کے تباہ ہونے والے مکانات، مویشیوں اور فصلوں کا معاوضہ مہینوں میں نہیں ہفتوں میں ادا کیا جائے گا۔ انہوں لیہ کے شہریوں سے جھنگ کے مصیبت زدہ بھائیوں کی زیادہ سے زیادہ امداد کی اپیل کی۔