عراق اور شام میں کارروائی کے لئے تیار ہیں: فرانس

France

France

پیرس (جیوڈیسک) فرانس کے وزیر خارجہ لاورینٹ فیبئیس نے اعلان کیا ہے فرانس عراق اور شام میں فضائی فوجی کارروائی کرنے کو تیار ہے تاہم انہوں نے واضح کیا دونوں ملکوں میں کارروائی کے حوالے سے زمینی حقائق مختلف ہونے کی وجہ سے ترجیحات اور جزیات ایک جیسی نہیں ہوں گی۔

پیرس میں اپنے ایک خطاب کے دوران وزیر خارجہ نے عراق اور شام میں درپیش داعش کے مشترکہ چیلنج کے حوالے سے ایک جامع اتحاد کی تشکیل کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضروری ہوا تو ہم فضائی کارروائی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شام میں صورت حال مختلف ہے کہ وہاں ہم بشارالاسد کو اپنا پارٹنر نہیں بنا سکتے ہیں کیونکہ اس کے داعش کے ساتھ روابط موجود ہیں، اس لئے ہم شام کے ان باغیوں کی امداد جاری رکھیں گے جو بشارالاسد اور داعش دونوں سے لڑ رہے ہیں۔

واضح رہے پچھلے ہفتے فرانس کے صدر فرانسوا اولاندے نے بھی یہ امکان ظاہر کیا تھا بین الاقوامی قانون کے تحت انسانی اور سیاسی ضرورت پر فوجی کاروائی کی جا سکتی ہے تاکہ اسلامی انتہا پسند گروپ داعش سے نمٹا جا سکے۔

اب وزیر خارجہ فرانس نے داعش کے خلاف بین الاقوامی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ داعش کی وجہ سے جو خطرات لاحق ہیں وہ ہماری اپنی سرزمین تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔