اسلام آباد (جیوڈیسک) پولیس نے اسلام آباد میں مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی سیکرٹریٹ پر چھاپہ مار کر مجلس وحدت المسلمین کے رہنما اسد عباس نقوی سمیت 9 کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
اسد عباس نقوی عوامی تحریک کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن ہیں، پولیس نے صبح سویرے اسد عباس نقوی سمیت ایم ڈبلیو ایم کے 9 کارکنوں کو اسلام آباد میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے رہنمائوں کی گرفتاری کے لئے حکمت عملی تیار کرلی، گرفتاریاں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق گرفتاریوں کے لئے اسلام آباد پولیس کی جانب سے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔