پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری، اب تک 29 ہزار دو سو پچانوے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا

Pak Army, Floods Rescue

Pak Army, Floods Rescue

جھنگ (جیوڈیسک) پاک فوج کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے، ہیلی کاپٹر اور کشتیوں کے ذریعے اب تک انتیس ہزار دو سو پچانوے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ، دوسری طرف پاک بحریہ نے بالائی سندھ میں امدادی ٹیمیں اور ضروری سامان بھیج دیا ہے۔

سیلاب سے متاثرہ جھنگ، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان کے علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر اور کشتیوں کے ذریعے اب تک 29 ہزار 295 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

جھنگ میں آرمی کے 5 ہیلی کاپٹر امدادی کاموں میں جبکہ ملتان میں دو ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جوانوں نے آج مظفر گڑھ، احمد پور شرقیہ ، پنجند اور ملتان سے 550 افراد کو ریسکیو کیا۔ دوسری طرف جھنگ ، چنیوٹ اور تریموں میں تین میڈیکل کیمپ قائم کئے گئے ہیں جہاں متاثرین کو طبی سہولیات دی جا رہی ہیں۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 52.176 ٹن راشن بھی پہنچایا گیا۔ بہاولپور اور ملتان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 4 موبائل میڈیکل یونٹ بھی کام کر رہے ہیں ۔ دوسری طرف پاک بحریہ بھی چنیوٹ اور جھنگ کے سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد فراہم کرنے میں مصروف ہے۔

امدادی ٹیموں میں ہیلی کاپٹر، کشتیاں اور غوطہ خور شامل ہیں۔ ٹیموں نے ضلع جھنگ میں بڑے پیمانے پر امدادی آپریشن کیا۔ بالائی سندھ میں بھی پاک بحریہ نے امدادی ٹیمیں اور ضروری سامان بھیج دیا ہے۔