کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جمعہ کو بھی وفاقی حکومت کے خلاف سی ویو کلفٹن پر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔احتجاجی دھرنے میں پی ٹی آئی کے کارکنوں، خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے پی ٹی آئی کے پرچم اور عمران خان کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ دھرنے کے شرکا گو نواز گو کے نعرے لگا رہے تھے۔ اپنے خطاب میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں انجینئر نجیب ہارون، سبحان علی ساحل، خرم شیر زمان اور دیگر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اسلام آباد دھرنا پرامن ہے۔
وفاقی اور پنجاب حکومتوں کی جانب سے اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرامن انداز میں اپنے مطالبات منوانے کے لیے احتجاجی تحریک چلا رہے ہیں لیکن حکومت اسلام آباد دھرنے کے شرکا کو ہٹانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، کارکنوں کی گرفتاریوں کے باوجود دھرنے ختم نہیں ہوں گے۔۔
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے،ورنہ احتجاج کادائر ہ وسیع کردیا جائے گا اور اہم شاہراہوں پر بھی دھرنے دیے جائیں گےاور پھر حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔