چنیوٹ (جیوڈیسک) پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا، مختلف علاقوں سے گرفتار ہونے والوں میں ایک بجلی چور بھی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کے محلہ شیخاں میں ارسلان نے اپنے دوست کی مدد سے صابر نامی شخص کا بیل چوری کیا۔ محلہ ٹبہ کمانگراں کے ظفر اقبال کی دکان سے مولا دتہ، حسن اور لیاقت نے سوا دو لاکھ روپے کا فرنیچر چوری کر لیا۔ سٹی پولیس نے دونوں وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
دریں اثناء فیسکو سب ڈویژن نمبر 3 چنیوٹ کے ایس ڈی او اورنگزیب نے مین لائن میں تار لگا کر بجلی چوری کرنے والے موضع ولہ رائے کے کالے خان کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر تھانہ رجوعہ پولیس کے حوالے کر دیا۔ علاوہ ازیں پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر چک 199 ج ب کے لیاقت سے 10 لٹر شراب، موضع لنگر مخدوم کے اکرم سے 32 گرام اور فلک شیر سے 54 گرام ہیروئن، منور سے 18 لٹر شراب، چک 158 ج ب کے فیصل حیات اور خالد سے بندوقیں جبکہ عبد الرؤف سے 30 بور پسٹل برآمد کیا۔ گرفتار شدگان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔