ملتان: سیلابی ریلے نے نواحی علاقے شیرشاہ میں تباہی مچادی

Floods

Floods

ملتان (جیوڈیسک) دریائے چناب کے سیلابی ریلے نے ملتان کے نواحی علاقے شیرشاہ میں تباہی مچادی، جس کے باعث سیکڑوں بستیاں زیرآب آگئیں، لوگوں کی علاقے سے نقل مکانی جبکہ ملتان مظفرروڈ ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

گیا ، راجن پور میں جھنڈوال کے مقام پر 7 افراد ریلے میں پھنس گئے، ریسکیو کے لیے پاک فوج کا دستہ روانہ ہو گیا۔ مظفر گڑھ میں دریائے چناب کا بہاؤ ساڑھے 4 لاکھ کیوسک سے زائد ہو گیا۔ راجن پور میں دریائے سندھ بھی اپنا زور دکھانے لگا ہے۔

دریائے چناب کے منہ زور ریلے کے آگے مضبوط بند کمزور پشتے ثابت ہو رہے ہیں، سیلابی ریلے کا دباؤ کم کرنے کے لیے ملتان میں شیرشاہ بند پر شگاف ڈالا گیا تھا۔ اُدھر مظفرگڑھ میں چناب پل کے مقام پر دریائے چناب کا بہاؤ ساڑھے 4 لاکھ کیوسک سے زائد ہے۔

بہاولپور میں ہیڈپنجند پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 30 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دریا سے ملحق علاقے بیٹ لنگا، سڑی بستی اور خیرپور ڈاہا کے مزید درجنوں دیہاتوں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔

کوٹ مٹھن کے مقام پر ہیڈپنجند سے آنے والا بڑا سیلابی ریلا آج شام ، دریائے سندھ میں داخل ہوگا جس سے ضلع بھر میں 83 دیہات کو خطرہ ہے۔ ڈی سی او غازی امان کے مطابق اب تک صرف 3 ہزار 700 لوگوں نے نقل مکانی کی ہے۔ پنجاب میں تباہی مچانے والا سیلاب سندھ کی جانب بڑھنے لگا ہے۔ کوٹ مٹھن کے مقام پر سیلابی ریلا آج شام دریائے سندھ میں گرے گا۔