پی ٹی آئی آج ’ون نیشن‘ اور عوامی تحریک ’انقلاب ڈے‘ منائے گی

PTI Awami Tehreek

PTI Awami Tehreek

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف دھرنے کا ایک ماہ مکمل ہونے پر آج ’’ون نیشن ڈے‘‘ اورعوامی تحریک ’’انقلاب ڈے‘‘ منائے گی۔ گزشتہ روز بھی دھرنوں کے شرکا نے شاہراہ دستور پر نماز جمعہ کا اہتمام کیا۔ اسی طرح یہ تیسرا جمعہ تھا جو شرکاء نے شاہراہ دستور پر گزارا۔

عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 3 بجے کے قریب امامت کرائی۔ دھرنے کے قریب عارضی بازار میں حجاموں کی دکانوں اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سامنے کھلے حماموں میں غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ اسی طرح دھرنوں کے شرکاء نے شاہراہ دستور، پریڈ ایونیو اور ملحقہ سڑکوں کی صفائی بھی کی جب کہ خیموں کو ترتیب کے ساتھ نصب کیا۔

عوامی تحریک کے ترجمان نے بتایا کہ صفائی کا کام ہمارے کارکنوں نے کیا۔ سی ڈی اے کے اہلکاروں نے حصہ نہیں لیا۔ ترجمان نے بتایا کہ انقلاب ا سکول میں بچوں کی رجسٹریشن ایک ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

انقلاب اسکول میں ایف ایس سی اور بی ایس سی کلاسز کا بھی آغاز کردیا گیا ، ڈاکٹر طاہر القادری بھی علامتی لیکچر دیں گے۔ انقلاب دھرنے میں تصویری نمائش کا بھی انعقاد کیا جس میں آرٹسٹ طلبہ نے انقلاب مارچ کے لاہور سے آغاز اور ریڈزون میں موجودہ دھرنے کے روزمرہ حالات کی عکاسی کی ہے۔