کراچی (جیوڈیسک) امریکی شہر نیو یارک کی ایک سڑک کو پاکستانی نژاد امریکی نو جوان سلمان ہمدانی کے نام سے منسوب کر دیا گیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق سانحہ نائن الیون کی 13 ویں برسی کے موقع پر نیو یارک سٹی انتظامیہ نے ایثار اور قربانی کے اعتراف میں شہر کی ایک سڑک کو کراچی سے تعلق رکھنے والے سلمان ہمدانی سے منسوب کر دیا ہے۔
کوئنز کے علاقے میں204 اسٹریٹ پر منعقدہ تقریب میں سلمان ہمدانی کی والدہ طلعت ہمدانی اور اسٹیٹ سینیٹر ٹوبی اوبلا نے اس سڑک کا افتتاح کیا۔ سلمان کراچی کے معروف پریس فوٹو گرافر انیس ہمدانی کا بھتیجا تھا۔ واضح رہے کہ 23 سالہ سلمان ہمدانی سانحہ نائن الیون کے دوران ورلڈٹریڈ سینٹر میں لاتعداد افراد کی جانیں بچانے کے دوران زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔