وقار یونس کو بھی بالآخر سعید اجمل کی یاد آ گئی

Waqar Younis

Waqar Younis

لاہور (جیوڈیسک) آسٹریلیا کی یاترا میں مصروف وقار یونس کو بھی بالآخر سعید اجمل کی یاد آ گئی، ہیڈکوچ ورلڈ کپ سے قبل غلط موقع پر پابندی کو دھچکا قرار دیتے ہوئے متبادل کی تلاش کیلیے فکر مند ہو گئے۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم کا کہنا ہے کہ بیشتر ملکی بولرز اسٹار آف اسپنر کا ہی انداز اپناتے ہیں،انکے مسائل دور کرنے کیلیے بھی وقت درکار ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ شروع ہونے سے قبل ہی وقار یونس اپنے اہل خانہ سے ملنے آسٹریلیا سدھار گئے تھے، سعید اجمل پر پابندی کی خبر عالمی کرکٹ پر بجلی بن کر گری، ملکی اور غیر ملکی کرکٹرز کی جانب سے ردعمل بھی میڈیا کی شہ سرخیوں میں رہا، اس دوران ہیڈ کوچ منظر عام سے غائب رہے، گذشتہ روز بالآخر انہوں نے بھی لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ آف اسپنر پر پابندی ایک دھچکا ہے۔

بدقسمتی سے فیصلہ غلط وقت پر سامنے آیا،ورلڈ کپ کی تیاریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ ہمیں جلد از جلد متبادل تلاش کرنا ہوگا، پوری امید ہے کہ سعید اجمل کلیئر ہوکر دوبارہ ایکشن میں نظر آئینگے۔

ذرائع کے مطابق آف اسپنر کا خلا پر کرنے کیلیے بھی زیادہ آپشنز موجود نہیں ہیں، زیر غور لائے جانے والے کئی بولرز کے ایکشن شکوک کی زد میں آچکے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ نے اپنے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل تلاش کرنے کیلیے وقت درکار ہوگا، انھوں نے کہا کہ 90 کی دہائی میں وسیم اکرم اور وقار یونس نوجوانوں کے آئیڈیل تھے، موجودہ دور کے بولرز کیلیے سعید اجمل رول ماڈل ہیں، بیشتر ان کا ہی انداز اپنانے کی کوشش کرتے ہیں، نوجوانوں کے بولنگ ایکشن کو اعتراضات کی زد میں آنے سے بچانے کیلیے اقدامات کرنے ہونگے۔