ٹرینٹ برج (جیوڈیسک) انگلش کاؤنٹی یارکشائر نے فیصلہ کن معرکے میں ناٹنگھم شائر کو ایک اننگز اور 152رنز سے زیر کر کے کاؤنٹی چیمپئن شپ ڈویژن ون کا ٹائٹل بتیسویں مرتبہ جیت لیا،فاسٹ بالر ریان سائیڈ باٹم پلیئر آف دی میچ قرار پائے جنہوں نے دوسری اننگز میں چھ وکٹوں سمیت میچ میں نو کھلاڑیوں کو اپنا نشانہ بنایا۔
میچ کے چوتھے روز ناٹنگھم شائر نے اپنی دوسری اننگز پانچ وکٹوں پر 149 رنز کے ساتھ ایک بار پھر شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچاؤ کا سخت چیلنج درپیش تھا۔
یارکشائر کے اسکور 9 وکٹوں پر 532 رنز کے جواب میں 203 رنز پر ڈھیر ہو کر فالو آن کا شکار ہونے والی ٹیم ناٹنگھم شائر کی جانب سے مزاحمت کی امیدیں اسی وقت دم توڑ گئیں جب ریان سائیڈ باٹم نے مختصر سے اسپیل کے دوران صرف چھ رنز کے عوض چار وکٹیں گرا کر فرسٹ کلاس کرکٹ میں چھبیسویں مرتبہ اننگز میں پانچ یا زائد وکٹوں کی کارکردگی اسکور بک کی زینت بنادی۔انہوں نے دوسری اننگز میں چھ وکٹیں لے کر ناٹنگھم شائر کو صرف 177رنز پر لپیٹ دیا اور میچ میں مجموعی طور پر نو وکٹوں کی بدولت وہ مرد میدان بھی قرار پائے۔
کاؤنٹی چیمپئن شپ کی تاریخ میں بتیسواں ٹائٹل جیتنے والی ٹیم اپنے کپتان اینڈریو گیل کی خدمات سے بھی محروم تھی جن پر جنوبی افریقی بیٹسمین ایشویل پرنس کے ساتھ ہونے والی ایک زبانی جنگ کے بعد دو میچوں کی پابندی عائد کی گئی تھی اور وہ اس میچ میں شریک نہیں تھے۔
اس سے بھی زیادہ حیران کن بات یہ تھی کہ انہیں آفیشل تقریب کے بعد ٹرافی کو ہاتھ میں پکڑنے کا موقع ملا کیونکہ ای سی بی نے انہیں تقریب سے دور رہنے کی ہدایت کر رکھی تھی اور وہ بیچارگی کے عالم میں ڈریسنگ روم کی بالکنی میں دیگر کھلاڑیوں اور اسٹاف کے ساتھ تقریب کا نظارہ کر رہے تھے اور انہوں نے یارکشائر کی کامیابی کو تمام کھلاڑیوں کی اجتماعی کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا۔