کراچی (جیوڈیسک) جیو نیوز پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے حملوں کی سیاسی رہنمائوں کی جانب سے مذمت کی جارہی ہے، جمعیت علمائے اسلام ف کے ترجمان جان اچکزئی نے جیو نیوز کے دفتر پر پی ٹی آئی کارکنوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل آزادی صحافت پر حملہ ہے۔
مسلم لیگ ن کے ترجمان عاصم خان کا کہنا تھا کہ جیو نیوز کے دفتر پر حملہ عمران خان کی اشتعال انگیز تقاریر کا نتیجہ ہے۔ عاصم خان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ شدید قابل مذمت اور دہشت گردی کی کارروائی ہے۔
الیکٹرونک میڈیا نیوز کیمرا مین ایسوسی ایشن کے صدر وحید بٹ نے جیو نیوز کے دفتر پر پتھرائو کی مذمت کرتے ہوئے پتھراؤ کرنے والے مظاہرین کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ جرنلسٹس پروٹیکشن کونسل نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا۔
کہ عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کیلیے مشاورت کی جا رہی ہے۔پاکستان پریس کلب اٹلی۔ بیلجیئم اور پاکستان جرنلسٹس ایسوسی ایشن برطانیہ کی جانب سے بھی جیو کے دفتر پر حملے کی مذمت کی گئی ہے۔