سزائے موت کا قانون ختم نہیں ہونے دینگے، نعیم الرحمن

Amir Hafiz Naeem-ur-Rahman

Amir Hafiz Naeem-ur-Rahman

کراچی (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے ملک میں سزائے موت پر عمل درآمد روکنے اور بعض حلقوں کی جانب سے اسے ختم کرانے کی مذموم کوششوں پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئےان کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ سزائے موت اﷲ تعالیٰ کا واضح حکم ہے قرآن میں دوٹوک انداز میں اس حکم کو بیان کیا گیا ہے اس کے خلاف کوششیں کرنا قرآنی احکامات کی خلاف ورزی اور اﷲ اور اس کے رسول ؐکے خلاف اعلان جنگ کے مترادف ہے، ملک کے غیور اور اسلام پسند عوام ایسے عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسلامی احکامات اور سزاؤں کے خلاف مغرب زدہ طبقات اور بیرونی آقاؤں کی خوشنودی حاصل کرنے والے افراد اور گروہ اسلامی سزاؤں کو وحشیانہ قرار دے کر اس کے خلاف پروپیگنڈاکرتے رہتے ہیں لیکن انہیں مغرب میں پائی جانے والی خرابیوں اور وہاں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں نظر نہیں آتیں اور مغرب کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف روا رکھے جانے والے سلوک اور دہرے معیار پر کوئی بات نہیں کی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق ایسے بے شمار افراد موجود ہیں جن کی موت کی سزا پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں دہشت گرد اور ٹارگٹ کلرز آزاد اور دندناتے پھر رہے ہیں اور معصوم لوگوں کا خون بہا رہے ہیں لیکن انہیں روکنے والا کوئی بھی نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بیرونی دباؤ قبول کرنے اور مغرب کی خوشنودی کے بجائے موت کی سزا پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔