لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں شدید بارشوں کے بعد سے شہر کے متعدد علاقوں میں ابھی تک صورت حال معمول پر آسکی نہ ہی صفائی کا عمل مکمل ہو سکا ہے۔ لاہور میں کچھ روز پہلے ہونے والی پانچ سو ملی میٹر بارش نے شہر کے بیشتر حصوں اور شاہراہوں کو ڈبو دیا۔
جس کے بعد آہستہ آہستہ شہر کے قدرے بہتر علاقوں میں تو صورت حال جلد معمول پر آگئی لیکن سمن آباد، چوہنگ اور چائنہ سکیم سمیت متعدد آبادیاں ابھی تک مشکل حالات سے دوچار ہیں جسے بڑی حد تک حکام بھی تسلیم کرتے ہیں۔
اِن حالات کے باعث شہریوں کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہو رہا ہے جس کا ردعمل عوامی نمائندوں کو بھی برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ اگرچہ حکام کے دعووں کے مطابق شہر کی نواحی بستیوں میں بھی صورت حال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے لیکن اِن دعووں کی عملی تعبیر بھی جلد سامنے آنی چاہیے۔