وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی کا بیان

جھنگ (خصوصی رپورٹ)وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف اورخادم پنجاب میاں شہبازشریف کے طوفانی دوروں سے سیلاب زدگان کے مصائب اور دکھوں کا مداوار ہو رہا ہے۔وزیر اعظم کی ہدایت پر وفاقی و صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی ٹیم ورک کے ذریعے سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے شب و روز کوشاں ہیں۔ آخری متاثرہ شخص تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی ۔یہ بات انہوں نے جھنگ کے سیلابی علاقے کے قریب بھکر روڈ پر علی آ باد میں متاثرہ خاندانوں میں پیکٹس تقسیم کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ایم پی اے میاں طاہر جمیل ‘ ڈی سی او فیصل آباد نور الامین مینگل ‘ اسسٹنٹ کمشنر صدر فیصل آباد مشتاق ٹوبہ و دیگر پارٹی ارکان بھی موجود تھے ۔ چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ عوام کی خدمت کرنا سیاست نہیں عبادت ہے ۔مسلم لیگ (ن ) کی حکومت نے کبھی اپنے فرائض منصبی سے روگردانی نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے انتھک خادم میاں شہبازشریف شب وروز سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے کوشاں ہیں۔اگرکسی سرکاری آفیسر یا اہلکار نے مجرمانہ غفلت کامظاہرہ کیا تواسے معاف نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم میاں نوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف آفت کی اس گھڑی میں مصیبت زدگان کے درمیان ہیں جبکہ دھرنے والی قیادت گانوں کی تھاپ پر محورقص ہے جومصیبت کے ماروں کی اشک شوئی نہیں کرسکتے انہیں وزرات عظمیٰ کے خواب دیکھنے کا بھی کوئی حق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مصیبت زدگان اپنے منتخب وزیراعظم میاں نوازشریف اوروزیراعلیٰ میاں شہبازشریف کواپنے درمیان دیکھ کرپرامیداورتازہ دم ہوگئے ہیں،حکومت ان کی محرومیوں کامداواکرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔انہوںنے کہا کہ سیلاب پوری قوم کے لئے ایک بڑی آزمائش ہے، ہمیں بحیثیت قوم اس آزمائش سے سرخرو ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ مصیبت زدہ بھائی خودکو تنہا نہ سمجھیں، پوری پاکستانی قوم ان کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔

وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی نے جھنگ اورچنیوٹ کے متاثرین سیلاب کی امداد و بحالی میں بھرپور حصہ لینے پر ڈی سی او نور الامین مینگل کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ فیصل آباد کی کاوشوں اور خدمات کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہا کہ فیصل آباد کے مخیر حضرات کی فیاضانہ خدمات قابل ستائش ہیں جنہوں نے آفت کی ہرگھڑی میں مصیبت زدہ بھائیوں کی امداد کے لئے ہمیشہ صف اول میں رہے ہیں اور کھلے دل سے عطیات فراہم کرکے شاندار روایات کو فلاحی روایات کو آگے بڑھا ہے۔

ڈی سی او نور الامین مینگل نے بتایا کہ جھنگ ‘ چنیوٹ اور حافظ آباد کے متاثرین سیلاب کی امداد کے لئے ضلعی انتظامیہ فیصل آباد نے مخیر حضرات کے تعاون سے دو درجن سے زائد ٹرکوں پر مشتمل غذائی اشیاء بھجوائے جا چکی ہیں اور غذائی اشیاء کے بنڈلز بنا کر فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ ہیلی کاپٹر سے گرانے میں آسانی رہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ فیصل آباد نے جھنگ میں مختلف نوعیت کی مشینری اور سٹاف کے مزین فلڈ کنٹرول اور ریلیف سنٹر بھی قائم کر رکھا ہے اور فیصل آباد کے مخیر افراد مدنی دسترخواں لگا کر متاثرین کو تین وقت کا کھانا بھی فراہم کررہے ہیں۔

Chaudhry Abid Sher Ali

Chaudhry Abid Sher Ali