میکا سنگھ کا امیتابھ بچن کیلئے ہیرے کی انگوٹھی کا تحفہ

Mika Singh

Mika Singh

ممبئی (جیوڈیسک) ممبئی کے ایک فائیوسٹار ہوٹل میں گلوکار مِیکا سنگھ کی نئی فلم ‘بلوندر سنگھ فیمس ہو گیا’ کے میوزک لانچ کا پروگرام جاری تھاکہ درمیان میں ہی بالی ووڈ کے سپر سٹار امیتابھ بچن توقع کے مطابق آن پہنچے اس کے بعد کیاتھا دیکھتے ہی۔

دیکھتے پل بھر میں سارے کیمروں کا رخ میکا سنگھ کو چھوڑ کر بگ بی یعنی امیتابھ کی جانب پھر گیا۔فوٹوگرافروں کے کیمروں کے فلیش کچھ اس سرعت کے ساتھ چمکنے لگے گویا چند ہی لمحوں میں ہزاروں تصاویر لی گئی ہوں۔ سٹیج پر جاری پروگرام بھی تھوڑی دیر کیلئے روک دیا گیا۔

مہمان خصوصی امیتابھ بچن کو فلم کا ٹریلر دکھایا گیا۔ میکا نے امیتابھ بچن سے گزارش کی کہ وہ ان کی فلم کو ‘آشیرواد’ یا نیک تمنائیں دیں۔ بگ بی بھی میکا کی تعریف کرنے میں پیچھے نہیں رہے اور کہنے لگے کہ میں ایک عرصے سے تمہارے گیت سن رہا ہوں۔ میرا پورا خاندان تمہارا پرستار ہے۔

جاتے جاتے میکا نے امیتابھ بچن کا ہاتھ پکڑا اور اپنے ہاتھ سے ایک ہیرے کی انگوٹھی نکالی اور چپ چاپ امیتابھ بچن کی انگلی میں ڈال دی۔امیتابھ نے پہلے تو قدرے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا اور پھر اس ہیرے کی انگوٹھی کو نذرانہ سمجھ کر لے لیا۔