ون ویلنگ جاری رہی، 6 نوجوان شدید زخمی ہو گئے

One Wheeling

One Wheeling

لاہور (جیوڈیسک) ون ویلنگ پر سخت پابندی کے باوجود شہر کی اہم شاہراہوں پر سینکڑوں کی تعداد میں منچلے نوجوان موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ کا جان لیوا کرتب دکھاتے رہے اس دوران موٹر سائیکلوں سے گر کر 6 نوجوان شدید زخمی بھی ہو گئے۔

دوسری طرف حسب روایت پولیس ویلروں کو پکڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ بتایا گیا ہے کہ مال روڈ، جیل روڈ، وحدت روڈ، گلبرگ مین بلیو ارڈ ، مغل پورہ لنک روڈ، گڑھی شاہو روڈ، کینال روڈ، ڈیفنس روڈ، انڈر پاسز ،ماڈل ٹاؤن لنک روڈ، فیروز پور روڈ قذافی سٹیڈیم سے چونگی امرسدھو، کوئینز روڈ اور دیگر شاہراہوں پر موٹر سائیکل سوارنوجوان ٹولیوں کی صورت میں ون ویلنگ اور ریسیں لگاتے رہے۔

ماڈل ٹاؤن میں 18 سالہ احمد، مسلم ٹاؤن میں 21 سالہ افنان ،فیروز پور روڈ پر 19 سالہ انس، ہربنس پورہ میں 22 سالہ علی بٹ سمیت 3 نوجوان زخمی ہو گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر اتوار کودرجنوں نوجوان ٹولیوں کی صورت میں مخصوص شاہراہوں پر اکٹھے ہو جاتے ہیں جہاں وہ لاکھوں روپے کی شرطیں لگا کر ون ویلنگ اورموٹر سائیکلوں پر ریسیں لگاتے ہیں۔