حیدرآباد (جیوڈیسک) پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئن اور بے روزگار نوجوان تحریک نے کامریڈ ریاض حسین بلوچ پر قاتلانہ حملے کے خلاف حیدر آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا، تفصیلات کے مطابق حیدرآباد پریس کلب کے سامنے کئے گئے احتجاجی مظاہرے کے شرکاء ہاتھوں میں بینر زاور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے اور وہ حملہ آوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کررہے تھے، اس موقع پر کامریڈ نثار چانڈیو ودیگر مظاہرین کا کہنا تھا کہ کامریڈ ریاض حسین بلوچ پر قاتلانہ حملہ بزدلانہ کارروائی ہے۔
کامریڈ ریاض حسین نے ہمیشہ غریب محنت کشوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے، محنت کشوں کے لئے جدوجہد کرنے پر ہی ان پر حملہ کیا گیا ہے تاکہ وہ محنت کشوں کیلئے کی جانے والی جدوجہد سے دستبردار ہوجائیں، مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کامریڈ ریاض حسین بلوچ پر حملہ کرنے والے ملزمان کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔