مظفر گڑھ کے 90 سے زائد دیہات ڈوب گئے

Muzaffargarh

Muzaffargarh

مظفر گڑھ (جیوڈیسک) دریائے چناب میں مظفر گڑھ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ ساڑھے 6 لاکھ کیوسک سے زائد ہے۔ سیلاب سے مظفر گڑھ کے 90 سے زائد دیہات ڈوب گئے جبکہ ہیڈپنجند پر پانی کا بہاؤ بڑھ کر 4 لاکھ کیوسک ہو گیا۔

دریائے چناب کا سیلابی ریلا ملتان اور مظفر گڑھ میں تباہی مچاتا ہوا پنجند ہیڈورکس کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ملتان شہر اور کینٹ کو بچانے کے بعد مظفر گڑھ شہر کو بچانے کے لیے بھی دوآبہ بند میں شگاف ڈال دیے گئے۔ملتان میں بند بوس ، جھوک وینس ، ہیڈ محمد والا ،اور نواب پور میں پانی کی سطح گر نا شروع ہو گئی ہے۔

لیکن شیر شاہ بند کے قریب پانی کا دباؤ برقرا ر ہے اور یہاں سیلابی پانی ریلوے کراسنگ کے ساتھ ٹکرا رہا ہے۔ شہر اور کینٹ کو بچانے کے لئے ڈالے والے شگاف کی وجہ سے پانی ملتان اور شجاع آباد تحصیل کے کئی علاقوں کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔

خان پور قاضیاں کے قریب سیلابی پانی میں 2 افراد اپنی جان سے بھی گئے۔تحصیل جلال پور پیر والا میں کئی چھوٹے بند ٹوٹ جانے سے شاہ پور ، خان بیلہ اور کئی قصبوں میں لوگ پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔ دریائے چناب میں مظفر گڑھ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

اس وقت ساڑھے 6 لاکھ کیوسک پانی گزر رہا ہے ۔سیلابی ریلے سے مظفر گڑھ کے 90 سے زائد دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ کئی چھوٹے بند توٹنے کے بعد مظفر گڑھ شہر کو بچانے کے لئے دوآبہ بند میں شگاف ڈال دیا گیا ہے جس کی وجہ سے 50 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں۔ راجن پور کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اس وقت نچلے درجے کا سیلاب ہے اور ساڑھے 4لاکھ کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔ کوٹ مٹھن، روجھان اور عمر کوٹ میں سیلاب متاثرہ افراد کے لئے 11 ریلف کیمپ قائم کر دیئے ہیں۔ اوچ شریف کے قریب چناب کے سیلابی ریلے سے بختیاری زمینداراں بند ٹوٹنے سے کئی دیہات میں پانی داخل ہو گیا ہے۔بہاولپور میں ہیڈپنجند پر پانی کا بہاؤ بڑھ کر 4 لاکھ کیوسک ہو گیا ہے اور یہاں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔