لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے وزیراعلیٰ شہباز شریف اور صوبائی حکومت کے متاثرین سیلاب کی امداد کیلیے کیے جانے والے اقدامات پر مکمل اعتمادکا اظہار کیا ہے جبکہ وزیر اعظم نے حکومت پنجاب کو متاثرین سیلاب کو عید پیکیج کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیر اعظم سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں پنجاب میں بارشوں اورسیلاب کی صورتحال اوردیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
نواز شریف نے صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت کا مشن صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے جس کیلیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے اور متاثرین سیلاب کو کسی بھی سطح پر تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
احتجاجی دھرنے والوں کااصل ایجنڈہ قوم کے سامنے آچکاہے، وہ ملک اور قوم کی نہیں اپنے مفادات کی سیاست کر رہے ہیں۔ قوم دھرنے والوں کی ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے اور جمہوریت کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی، حکومت دن رات عوام کی خدمت اورملکی ترقی کا مشن جاری رکھے گی۔