چکوال (جیوڈیسک) رات کی تاریکی میں ساڑھے چار سالہ بچے کو تیز دھار آلے سے ذبح کر دیا گیا۔ چکوال روڈ ایوب پلازہ کے رہائشی محمد بشیر نے تھا نہ میں بتا یا کہ گزشتہ رات میری سابقہ بیوی شازیہ اور میرا ہم زلف میرے گھر میں موجود تھے، میری پہلی بیوی شازیہ بارہ سال قبل اپنے چار بچوں سمیت میرے بھائی کے ہمراہ گھر سے فرار ہو گئی تھی، میرا بھائی انتقال کر گیا تو میری سابقہ بیوی نے دوسری شادی رچالی ان دنوں وہ مجھ سے راضی نامہ کرنا چاہتی تھی۔
اسی حوالے سے وہ میرے گھرآئی ،میری موجودہ بیوی آسیہ تبسم نے رات کو دو مرتبہ چائے بنا کر دی اور تیسری مرتبہ شازیہ نے چائے بنائی اور مبینہ طور پر چائے میں کوئی نشہ آور چیز ملا دی، چائے پینے کے بعد تمام اہل خانہ بے ہوش ہو گئے جب ہوش آیا تو میرا ساڑھے چار سالہ بیٹا عرفان شہزاد خون میں لت پت مردہ حالت میں پڑا تھا۔
میری سابقہ بیوی شازیہ نے میرے بیٹے کا گلا کاٹ کر اسے قتل کر دیا ۔محمد بشیر کی موجودہ بیوی آسیہ تبسم کی درخواست پر تھانہ چوآسیدن شاہ میں ملزمہ شازیہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ بعض لوگوں کے مطابق دو روز قبل محمد بشیر نے لہڑ سلطان پور کے ایک میڈیکل سٹورسے نشہ آور گولیاں خریدی تھیں اس بناء پر پولیس نے محمد بشیر کو بھی حراست میں لے رکھا ہے۔