بالی ووڈ (جیوڈیسک) کی اداکارہ دیپیکا پادوکون نے اس فلمی اداکارہ کی پر زور حمایت کی ہے جن پر حال ہی میں ایک جنسی ریکٹ میں شامِل ہونے کا الزام تھا۔ فلم ’فائنڈنگ فیني‘ کے پروموشن پر جب کسی صحافی نے دیپکا سے اس اداکارہ کے بارے میں ان کی رائے معلوم کرنی چاہی تو دیپیکا نے کہا، ’ہر کوئی انہیں الزام دے رہا ہے کوئی ان لوگوں کی بات کیوں نہیں کرتا جو اس اداکارہ کی خدمات لیتے تھے۔ ان کے بارے میں سب چپ کیوں ہیں‘۔
دیپکا نے کہا، اگر اس اداکارہ کے پاس اپنی گذر بسر کا کوئی اور راستہ یا ذریعہ نہیں تھا تو پھر انھوں نے کچھ غلط نہیں کیا۔ دیپکا کے مطابق اس وقت لوگوں کو اور خاص طور پر فلم انڈسٹری کو اس اداکارہ کی مدد کرنی چاہیے نہ کہ ان پر الزام لگانے چاہیے یا پھر خاموش بیٹھنا چاہیے۔
دیپکا کے علاوہ ٹی وی اداکارہ ساکشی تنور نے بھی اداکارہ کی حمایت کی ہے۔ ساکشی تنور نے مشہور ٹی وی سیریل ’ کہانی گھر گھر کی‘ میں اس اداکارہ کی ماں کا کردار ادا کیا تھا، جس میں اس اداکارہ نے ایک چائلڈ سٹار کے طور پر کام کیا تھا۔
اس اداکارہ کو گزشتہ دنوں حیدرآباد کے ایک ہوٹل سے پولیس نے جنسی ریکیٹ چلانے کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔ صرف دیپیکا ہی نہیں ان کے علاوہ بالی ووڈ کی دیگر مشہور ہستیوں جیسے کرن جوہر ، وشال بھاردواج اور ناگیش ککنور جیسے ہدایتکاروں اور پرڈیوسرز نے بھی اس اداکاری کی حمایت کی ہے۔