صاف ستھرا صحت مند ماحول کا قیام بلدیاتی اداروں کی اہم ذمہ داری اور اولین ترجیحی ہونی چاہیئے :نشاط ضیاء قادری

کراچی (خصوصی رپورٹ) حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کا قیام بلدیاتی اداروں کی اہم ذمہ داری اور اولین ترجیحی ہونی چاہیئے بلدیاتی افسران اور عملہ عوامی خدمات کی انجام دہی کو اپنا شعار بنا کر علاقائی مسائل کے حوالے سے درپیش عوامی شکایات کا ازالہ یقینی بنا ئیں ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور میمن کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کے تمام یونین کونسل کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی سمیت دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سپرٹینڈنگ انجینئر بلدیہ کورنگی پریم چند،ڈائریکٹر پارکس بلدیہ کورنگی جاوید علی خان ،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز رفیق شیخ ،شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے فوکل پرسن اسلم پرویز اور دیگر افسران بھی موجود تھے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں صفائی وستھرائی کے حوالے سے جاری خصوصی مہم کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران و عملے کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ صفائی وستھرائی کے عمل کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنا یا جائے گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی وستھرائی کے ساتھ کچرا کنڈیوں کی صفائی کو بھی یقینی بنا یا جائے۔

مکھی مچھروں کے خاتمے اور صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنا نے کے لئے تواتر کے ساتھ علاقائی سطح پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہاکہ ضلع کورنگی میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی وستھرائی کی انجام دہی کو یقینی بنا یا جارہا ہے اور اس کے ساتھ بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے انتظامات کو مزید بہتر بنا نے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں انہوں نے کہاکہ نامساعد حالات اور کم وسائل کے باوجود بلدیہ کورنگی ضلع میں عوامی سہولیات کی فراہمی اور بلدیاتی انتظامات کے بہتر بنا نے کے لئے کوشاں ہے۔

میونسپل کمشنر مسرور میمن نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں صفائی وستھرائی کے انتظامات کے معائنے پر متعلقہ افسران و عملے کو ہدایت کی عبادت گاہوں اور درسگاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ دیگر بلدیاتی مسائل کو حل کیا جائے انہوں نے اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری کی نشاندہی پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی وستھرائی کے نظام کی بہتری کے ساتھ مکھی مچھروں کے خاتمے اور صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنا نے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے تواتر کے ساتھ انجام دیا جائے۔

News

News