قارئین ہو سکتا ہے آپ میری اس بات سے اختلاف کریں کہ ہماری قوم کی اکثریت جھوٹے نظریہ ساز ش کی شکار ہو چکی ہے سازش کا راگ آلاپ کر خود کو اپنی ذمہ داریوں سے ،اپنے فرائض سے بچانا چاہتے ہیں ۔ہماری قوم سے مراد ہمارے ہر طبقے ،جماعت،پارٹی کے اہم افراد ہیں اس میں سیاست دان ،مذہبی رہنماء ،لیڈر ،ووٹر ،پیر ،مرید،استاد، شاگرد کی اکثریت سبھی شامل ہیں ۔ پوری قوم میں سے ان چند افراد سے معذرت جو اس نظریہ سازش کے قائل نہیں ہیں ۔نظریہ سازش اصل میں جہالت ،بے ایمانی،تنگ نظری،خود غرضی سے پروان چڑھتا ہے۔
اس نظریے کی برکت سے اس نظریے کو اوڑھنا بچھونا بنانے والے اپنی ناکامی ،کوتاہی،کمزوری،لاپرواہی،بے عملی،ذہنی پسماندگی کو مخالف ،دشمن،دوسرے ( خفیہ،نامعلوم،کسی اور طاقت،ملک)کے کھاتے میں ڈال کر خود کو بچایا جاتا ہے ۔یہ ایک نفسیاتی بیماری ہے جس میں ہماری پوری قوم ان پڑھ جاہل،پڑھے لکھے جاہل،اسمبلیوں میں بیٹھے چارہ گر،اور ہمارے دانش ور اخبار نویس،صحافی ،اینکر پرسن کی اکثریت (میں نے اکثریت کا لفظ استعمال کیا ہے)مبتلا ہے۔اگر مان بھی لیا جائے کہ دوسرے (مخالف) سازش کر بھی رہے ہیں تو وہ تو اسے اپنا فرض سمجھ کر کر رہے ہوتے ہیں ۔دوسری بات کہ دشمن ،مخالف اگر مخالفت نہیں کرے گا تو اورکیا کرے گا ۔ایک بات پوری توجہ سے سمجھنے کی ضرورت ہے ہمارے مذہبی رہنما کہتے ہیں (یہ صرف ایک مثال ہے اپنی بات سمجھانے کے لیے ورنہ ایسا تو ہر سیاسی پارٹی کا رکن اور رہنما بھی کہتا ہے
بس سازش کون کر رہا ہے اس کا نام بدل جاتا ہے )کہ امریکہ، اسرائیل، بھارت ،سعودی عرب،ایران وغیرہ پاکستان میں سازش کر کے پاکستان میں شعیہ ،سنی،وہابی،دیوبندی،بریلوی کو آپس میں لڑا رہے ہیں۔اس بات کو دوبارہ پڑھ لیں کہ دوسرے ہم کو لڑا رہے ہیں ۔اور ہم لڑ رہے ہیں ۔اس بات کو ٹھنڈے دل سے سوچیں تو یہ راز منکشف ہوتا ہے ۔ہم میں اتنی عقل ،سمجھ بوجھ نہیں ہے کہ ہم کسی کے کہنے پرآپس میں لڑنا شروع کر دیتے ہیں ۔اور اس سے بھی حیرت کی بات یہ کہ ہم کو اس کا علم ہوتا ہے کہ یہ سازش ہے ۔پھر بھی ہم ہنسی خوشی سے اس کا شکار ہو جاتے ہیں۔
اس بات کو ہمارے اہل دانش اور حکومت نے ذرا بھر اہمیت نہ دی کہ آج تربیت یافتہ ،تعلیم یافتہ ذہین ،اور وہ جو مالی طور پر آسودہ ہیں وہ نوجوان تیزی سے بیرون ممالک جا رہے ہیں ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ان نوجوانوں کی منتقلی کے اسباب تلاش کیے جاتے ہم سازش سازش کھیل رہے ہیں ۔ لوڈ شیڈنگ کا جن قابو میں نہیں آ رہا یہ کس کی سازش ہے ،مہنگائی کے بڑھ جانے میں کس ملک کی سازش ہے۔ دودھ میں ملاوٹ ،مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے ،جھوٹ بولنے ،اپنی ذمہ داری پوری نہ کرنے( الغرض کہاں تک سنو گے کہاں تک سنائیں ) یان سب اور ان جیسے دوسرے تمام اعمال بد ہم سے کر وانے میں کس کی سازش ہے۔
دور حاضر میں حق وباطل کی ازلی وابدی کشمکش پر نظر دوڑائی جائے تو ہمیں خیروشر میں تصادم اپنے عروج پر دکھائی دیتا ہے باطل ہمیں مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے اور ہم اپنی ذمہ داریوں سے نظریں چرا رہے ہیں اور سارا ملبہ دوسروں کی سازش پر ڈال رہے ہیں ۔امانت ودیانت اور عدل و انصاف رخت سفر باندھ چکے ہیں ۔شرافت و صداقت کی جگہ جھوٹ اور ریا کاری نے لے لی ہے۔امن و سکون فتناوفساد کی نظر ہو چکا ہے ، عصمت و حیا پر فحاشی و عریانی غالب آ گئی ہے ۔برائی کی رغبت نے عبادت کا ذوق سلب کرلیا ہے۔
سجدہ ریزیوں کی جگہ تکبر نے لے لی ہے تواضع و انکساری آج خود پسندی میں بدل گئی عقیدہ و سوچ میں لا دینیت ، لا قانونیت نمایا ں ہونے لگی ہے۔ عمل میں صالحیت کی جگہ فسق و فجور بڑ ھ رہا ہے مادیت و عقل پرستی عقیدت پر حملہ آور ہے۔اخلاقی قدریںمٹتی جا رہی ہیں ،تہذیب و ثقافت کو لچڑ پن اور جنسی بے راہ روی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔سوچ کے دھارے بدل گے ہیں ،الغرض دینی سطح ہو یا دنیاوی ،سارا ماحول شیطان کے تابع نظر آتا ہے۔ایسے میں ان برائیوں کو ختم کرنے کے لیے ہم کو عملی اقدامات کرنے چاہیے ۔بجائے اس کے ہم ایک دوسرے پر سازش کا الزام لگائیں اور اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے سازش کا رونا روئیں۔ شکوئہ ظلمت شب سے تو کہیں بہتر ہے اپنے حصے کی کوئی شمع جلاتے جائیں
Imran Khan
جب سے عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری نے انقلاب اور آزادی مارچ شروع کیا ہے سازش سازش کی آواز پہلے سے زیادہ سنائی دے رہی ہے اس دوران اب تک ہم نے دونوں طرف سے سازش کا لفظ اتنی بار سنا کہ لفظ سازش کے خلاف سازش لگتی ہے ۔عمران خان اور ڈاکٹر قادری کسی کی سازش میں آکر نیا پاکستان بنانے چلے ہیں اس کے پیچھے کس کی سازش ہے ۔عدلیہ کے خلاف سازش ہو رہی ہے ،فوج کے خلاف سازش کی جا رہی ہے ،پولیس کے خلاف سازش ہو چکی ہے ، عمران و قادری کے خلاف سازش کی گئی و رنہ وہ دس لاکھ آدمی نکال لاتے۔
ان دھرنوں کے پیچھے امریکہ ،اسرائیل ،بھارت ،سعودی عرب اور ایران کی سازش ہے۔ ہمارے ملک کی موجودہ حالت کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے ۔ہماری بد دیانتی،خود غرضی،جھوٹ،حسد ،کینہ،بغض،ہماری کام چوری، لالچ، کاہلی اس کی وجہ ہے ۔قارئین کرائم یہ درست ہے کہ ہمارے دشمن ہمارے خلاف سازش کر رہے ہیں لیکن اصل سازش تو ہم خود ان کی سازش میں آ کر کر رہے ہیں آئیں ہم مل کر اپنے مخالفین کے خلاف سازش کریں کہ ان کی سازش ناکام بنا دیں۔