کئی دہشتگرد گروپوں کے بھارتی خفیہ ایجنسیوں سے رابطوں کے ٹھوس شواہد

Terrorist

Terrorist

لاہور (جیوڈیسک) تحریک طالبان پنجاب کی جانب سے دہشت گردی ترک کرنے کے فیصلے کے بعد سیکورٹی فورسز کو جلد اہم کامیابی ملنے کا امکان ہے، شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے دوران جنگجوؤں کی کمر ٹوٹ گئی ہے ذرائع کے مطابق تحریک طالبان پنجاب کے دہشتگردی ترک کرنے کے اعلان کے بعد انتہا پسندوں کا گھیرا کافی حد تک تنگ ہو جائے گا۔

سیکورٹی فورسز کو صرف بیرون ملک خصوصاً بھارت سے چیلنجز کا سامنا رہ جائے گا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ عصمت اللہ معاویہ کا دہشت گردی ترک کرنے کا اعلان نہ تو ایک شخص کا فیصلہ ہے اور نہ کسی اچانک تبدیلی کا نتیجہ ہے۔

ضرب عضب میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کے بعد عصمت اللہ نے اس بات کا اندازہ لگا لیا ہے کہ طالبان کا اب کوئی مستقبل نہیں رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی شدت پسند گروپوں کے بھارتی خفیہ ایجنسیوں سے رابطوں کے بھی ٹھوس شواہد ملے ہیں جس کے بعد عصمت اللہ نے ان گروپوں سے خود کو الگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

افغان امور کے ماہرین کی رائے میں بھی آئندہ چند روز تک اس حوالے سے مزید پیشرفت سامنے آ سکتی ہے۔ دوسری جانب پاکستان کی سول اور فوجی قیادت نے بھی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے پر اتفاق کر لیا ہے۔