سندھ (محسن شیخ) پاکستان میں تھری جی اور فور جی سروس جلد ہی شروع ہونے والی ہے جس کے بعد سنا ہے انقلاب کا سونامی آ جائے گا، مہنگائی کا جن روتا ہوا واپس بوتل میں چلا جائے گا، روٹی ایک ایس ایم ایس سے بھی زیادہ سستی ہو جائے گی، غریب کے گھر کا چولہا کبھی ٹھنڈا نہیں ہوگا، لیکن شرط یہ ہے کہ گیس آتی ہو انصاف گھر کے دروازے پر ملے گا، چاہے آپ گھر پر ہو یا نہ ہوں خوشحالی ہی خوشحالی ہوگی، جہیز میں اب دلہنیں فور جی موبائل بھی ساتھ لایا کريں گی، کاشتکاروں کو تو بڑا فائدہ ہوگا کیونکہ تھری جی اور فورجی کی کھاد ڈالنے کے بعد انکی فصل پہلے سے بھی زیادہ ہری بھری ہوگی اور پھر گھر میں پیسوں کی ریل پیل شروع ہوجائے گی، اسکولوں میں خواندگی کی شرح بنگلہ دیش سے بھی بڑھ جائے گی۔
وزیر اعلی پنجاب طلباء کو لیپ ٹاپ کی بجائے تھری جی اور فورجی موبائل دیں گے تاکہ وہ اپنی تعلیم پر کم اور رات کو جانو پر زیادہ توجہ دیں، کیونکہ آواز کے ساتھ اب محبوب کا حسین چہرہ بھی دیکھنے کو ملے گا،، امریکہ بھی اب پاکستان کی عزت کرے گا اور جی جی کرکے بات کیا کرے گا، بھارت اور افغانستان تو اب کبھی بھی پاکستان کے خلاف بولنے کی جرات نہیں کريں گے، ڈالر کانپتا ہوا تیزی کے ساتھ نیچے چلا جائے گا، تھری جی اور فور جی موبائل رکھنے والوں کو پیٹرول بہت ہی سستا ملے گا، بجلی کا بل بھی کم آئے گا اور بجلی بھی تھوڑی دیر کے لیے آیا کریں گی اور بجلی کو فیول ایڈ جسمنٹ چارجز میں چھوٹ دی جائے گی۔
اب کے سال ملک میں سیلاب بھی 3جی اور 4جی کی رفتار سے آیا ہے، کیونکہ اس برس مون سون بھی ہر سال کی طرح کم ہی برسا ہے، موجودہ حکومت نے ڈیڑھ سال میں کرپشن بھی 4 جی کی رفتار سے کی ہیں، ملک میں ہونے والی کرپشن میں بھی 3جی اور 4جی شامل ہوچکی ہیں، اب بجلی 3جی کی رفتار سے آئے گی اور 4جی کی رفتار سے جائے گی، ہر چلتے پھرتے انسان کی جیبوں میں 3جی اور 4جی دوڑے گی، اب ہر شے میں ہوا پانی سمندر دریائوں آندھی طوفان بارشیں سب میں 3جی اور 4جی دوڑے گی، ملکی ترقی میں 2جی شامل ہے، جبکہ ملکی خسارے میں 3جی اور 4جی شامل ہوچکی ہیں، میری طرف سے آّپ کو بہت بہت مبارک ہوں 3جی 4جی۔