سیاسی بحران، کسی فریق کی حمایت کی اور نہ کرینگے: پاک فوج

 Asim Saleem Bajwa

Asim Saleem Bajwa

راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج سیاست میں ملوث نہیں ہے اور نہ ہی ملک میں جاری سیاسی بحران میں کسی ایک فریق کی حمایت کر رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فوج کا شروع سے ایک ہی موقف رہا ہے کہ یہ ایک سیاسی مسئلہ ہے اور اسے سیاسی طریقے ہی سے حل کیا جانا چاہیے۔ فوج کسی ایک فریق کا ساتھ دینے کی متحمل نہیں ہو سکتی کیونکہ یہ پوری قوم کی فوج ہے۔ ہم نے نہ پہلے کسی ایک فریق کی حمایت کی ہے نہ آئندہ کریں گے۔

میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ طالبان شدت پسندوں کی پاکستان میں منظم حملے کرنے کی صلاحیت ختم کر دی گئی ہے۔ اب ان کا کوئی ایک مخصوص ٹھکانہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان آپریشن اپنے اہداف حاصل کرتا ہوا کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے لیکن اس کے مکمل ہونے کے بارے میں ڈیڈ لائن نہیں دی جا سکتی۔