مظفر گڑھ (جیوڈیسک) ہیڈ پنجند پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ،پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 15 ہزار کیوسک سے بڑھ گیا ۔ تحصیل احمد پورشرقیہ اور علی پور کے درجنوں دیہات زیرآب آگئے۔دریائے چناب کا سیلابی ریلا ملتان اور مظفرگڑھ میں تباہی مچاتا ہوا آگے بڑھ رہا ہے، سیکڑوں دیہات اور ہزاروں ایکڑ اراضی زیر آب آچکی ہے۔ ہیڈ پنجند پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے، راجن پوراور رحیم یار خان کی کئی بستیاں زیر آب آگئی ہیں جبکہ ریلا ملتان کی تحصیلوں شجاع آباد اور جلال پور کی بستیوں کو اپنے ساتھ بہا لے گیا ہے۔
شجاع آباد میں مقامی بند ٹوٹنے سے خان بیلا ، شاہ پور ، سمیت سیکڑوں بستیاں زیر آب آ گئی ہیں ۔تحصیل علی پور کے علاقے سیت پور میں سیکڑوں دیہات اور ہزاروں ایکڑ اراضی زیر آب آگئی ہے۔ ملتان اور مظفر گڑھ کا زمینی رابطہ ڈیرہ غازی خان ، لیہ ، بھکر اور میانوالی سے اب تک بحال نہیں ہو سکا ۔ بہاول پور میں ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کا بہاؤ چار لاکھ کیو سک سے بڑھ گیا ہے ۔ ریلےسے احمد پور شرقیہ کے 20 سے زائد دیہات زیر آب آگئے جس کے نتیجے میں 35 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔
ہیڈ پنجند سے ہوتا ہوا دریائے چناب کا سیلابی ریلا رحیم یار خان کی حدود میں داخل ہورہا ہے۔ سیلابی ریلے سے رحیم یا رخان کے 50 سے زائد دیہات زیر آب آگئے ہیں، سیلابی ریلا گڈو بیراج کی جانب بڑھ رہا ہے۔دریائے سندھ میں راجن پور کے مقام پر پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ کئی بستیاں زیرآب آچکی ہیں کچے کے علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔