الطاف حسین کے بیان پر سندھ ترقی پسند پارٹی کے صوبے بھر میں مظاہرے بیان واپس لینے اور معافی مانگنے کا مطالبہ

 Sindh Progressive Party

Sindh Progressive Party

سندھ (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے سندھ کی وزارت اعلی مہاجروں کو دینے اور سندھ کی انتظامی تقسیم کے بیان کےخلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے اندرون سندھ چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی مظاہرے کیے گئے،پیر کو متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے سندھ کو انتظامی یونٹوں میں تقسیم کئے جانے کے بیان کےخلاف سندھ ترقی پسندپارٹی کی جانب سے پریس کلب حیدرآباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ٹی پی کے رہنما بابو شیدی، شبیر انقلابی اور انور حاجیانو نے کہاکہ الطاف حسین اپنے بیان پر پوری قوم سے معافی مانگیں ، انہوں نے سندھ کی تقسیم کی بات کرکے سندھ کے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کی کوشش کی ہے ، سندھ ہماری دھرتی ماں ہے اورہم اس کےخلاف ایک لفظ بھی سننے کوتیار نہیں ہیں۔

اس سے پہلے بھی الطاف حسین سندھ ون اور سندھ ٹو کی باتیں کرتے رہے ہیں ، وہ وقفے وقفے سے سندھ کی تقسیم کی بات کرکے سندھ میں ایک مرتبہ پھر حالات خراب کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ سکھر میں بھی سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سےضلعی صدر وحید کھوسو کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے بیان سے سندھ کے لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے، الطاف حسین اپنے بیان پر معافی مانگیں اور بیان واپس لیں۔

جیکب آباد میں سند ھ ترقی پسند پارٹی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کے دوران متحدہ کے قائد کا پتلا نذر آتش کیا، کارکنوں نے مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں کے نعرے لگائے، اس سے قبل ترقی پسند ہاؤس سے نظام الدین مستوئی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ، مقررین نے کہا کہ سندھ کےخلاف ہونے والی ہر سازش ناکام بنادی جائے گی، سندھ بیکری کا کیک نہیں جسے کاٹ کر تقسیم کردیا جائے ۔بدین میں سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سےاﷲ والا چو ک سے بدین پریس کلب تک ریلی نکالی گئی اور دھرنا دیا گیا ، ریلی کی قیادت شاہنواز سیال نے کی ،رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ کے قائد بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں۔

متحدہ سندھ کے ساتھ کبھی بھی وفادارنہیں رہی، الطاف حسین سندھ کی تقسیم کا شوشہ چھوڑ کرلسانی فسادات کرانا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم ہماری لاشوں پر ہوگی اور یہ ہمیں کسی صورت قبول نہیں ہے ،سندھ ترقی پسند پارٹی باڈہ کی جانب سے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں شہر کی سیاسی، سماجی اور ادبی شخصیات نے بھی شرکت کی، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کامریڈ قادر بروہی نے کہا کہ ہم سندھ دھرتی کو اپنی ماں تصور کرتے ہیں اور کوئی بھی اپنی ماں کو دو حصوں میں تقسیم نہیں کرسکتا، کامریڈ عالم بروہی نےکہا کہ ہم اپنی دھرتی کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ تو پیش کر سکتے ہیں لیکن اس کا بٹوارا کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔نوشہروفیروز میں بھی سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سےپریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر اقبال راجپر، حبیب مشوری، گل محمد اور دیگرنے کہا کہ الطاف حسین کا سندھ کی تقسیم کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔

گولارچی میں بھی سندھ ترقی پسند پارٹی کے کارکنوں نے ستار آرائیں کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ الطاف حسین اپنے بیان پر سندھ کے عوام سے معافی مانگیں، اس موقع پر ڈاکٹر رام چند، ر سکھیو بھیل ، بشیر آرائیں اور دیگر نے خطاب کیا۔