جھنگ: چونڈ بھروانہ میں سیلاب متاثرین نے امدادی سامان کا ٹرک لوٹ لیا

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

جھنگ (جیوڈیسک) جھنگ کے علاقے چونڈ بھروانہ میں سیلاب متاثرین نے امدادی سامان کا ٹرک لوٹ لیا ، وزیر اعلیٰ شہباز شریف بد نظمی کے باعث خطاب ادھورا چھوڑ کر روانہ ہو گئے۔

ایک ٹرک امدادی سامان اور ہزاروں متاثرین پہلے سیلاب میں در بدر ہوئے پھر رہی سہی کسر شہباز شریف کے انتظار نے پوری کر دی۔ وزیر اعلی نے چونڈ بھروانہ میں ایک بجے امدادی سامان تقسیم کرنے پہنچنا تھا۔

انتظامیہ نے لٹے پٹے ، بے یارو مددگار متاثرین کو صبح دس بجے سے دھوپ میں بٹھا رکھا تھا۔ وزیر اعلی وقت پر نہ پہنچے تو متاثرین کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔ متاثرین وہاں کھڑے امدادی سامان کے ٹرک پر چڑھ گئے اور لوٹ مار شروع کر دی۔ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔

چھینا جھپٹی ، دھکم پیل، کھینچا تانی کا بازار گرم ہوگیا ۔ متاثرین نے لاتوں ، گھونسوں اور تھپڑوں کا استعمال بھی دل کھول کر کیا۔ وزیراعلیٰ ایک بج کر چالیس منٹ پر پہنچے لیکن بدنظمی کے باعث خطاب ادھورا چھوڑ کر روانہ ہو گئے۔