سیلاب نے 38 اضلاع میں تباہی مچائی، دو کروڑ چالیس لاکھ افراد متاثر ہوئے، این ڈی ایم اے

NDMA

NDMA

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا، سیکریٹری کابینہ اخلاق احمد تارڑ نے سیلاب کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

این ڈی ایم کی رپورٹ بھی اجلاس میں پیش کی گئی، رپورٹ کے مطابق سیلاب سے پنجاب کے تئیس، آزاد کشمیر کے دس اور گلگت بلتستان کے پانچ اضلاع میں تباہی ہوئی۔ مجموعی طور پر دو کروڑ چالیس لاکھ افراد متاثر ہوئے، رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیلاب سے چوالیس ہزار پانچ سو ستانوے مکانات کو نقصان پہنچا۔

پندرہ لاکھ چوالیس ہزار چھ سو تریپن ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں بھی سیلاب کی نذر ہو گئیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت انیس ہیلی کاپٹر اور پانچ سو چونسٹھ کشتیاں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، متعلقہ اداروں کے ساتھ افواج پاکستان بھی متاثرین کی امداد میں مصروف ہیں۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔