عمران فاروق کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پرعزم ہیں : سکاٹ لینڈ یارڈ

Imran Farooq

Imran Farooq

لندن : (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومںٹ کے مرحوم رہنماء ڈاکٹر عمران فاروق کی چوتھی برسی پر عوام سے اپیل کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ وہ قتل کی تفتیش میں تعاون کریں۔

عمران فاروق کے قاتلوں سے متعلق معلومات دینے والوں کو 20 ہزار پائونڈ انعام دیا جائے گا جبکہ اس کا نام صیغہ رازمیں رکھا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق عمران فاروق کے قاتلوں کو قتل کی منصوبہ بندی میں دیگر افراد کی مدد بھی حاصل تھی۔

عمران فاروق قتل سے قبل نئی سیاسی جماعت بنانے والے تھے۔ قتل کی تحقیقات میں اس نکتے کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی مختلف زاویوں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ اب تک 7401 دستاویزات کا جائزہ لیا گیا، 3900 شہادتیں ریکارڈ اور 4466 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ہے جبکہ عمران فاروق قتل کیس میں اب تک دو ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

سکاٹ لینڈ یارڈ کے مطابق عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے پاکستانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پُرعزم ہیں۔ قاتلوں کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ واضع رہے کہ ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر عمران فاروق کو 16 ستمبر 2010ء کو برطانیہ میں ان کی رہائشگاہ کے باہر قتل کر دیا گیا تھا۔