شوگر ملز مالکان کو کسانوں کی گنے کی رقوم 48 گھنٹے میں ادا کرنے کے احکامات جاری

جھنگ : وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے مطالبہ پر شوگر ملز مالکان کو کسانوں کی گنے کی رقوم 48 گھنٹے میں ادا کرنے کے احکامات جاری کئے۔

سیلابی پانی سے جلنے والی موٹروں اور ٹیوب ویلوں کا نقصان حکومت پنجاب برداشت کریگی اور سیلاب متاثرین کی بحالی تک وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔یہ بات انہوںنے گزشتہ روز موضع کوٹ خیرا اور وجھلانہ کے دورہ کے موقع پر کہی۔وزیراعلیٰ کو جھنگ کی سیلابی صورتحال اور ریلیف کی کاروائیوں کے حوالہ سے ڈسٹرکٹ کوآرڈ ی نیشن آفیسر راجہ خرم شہزادعمر نے تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر ممبران اسمبلی،صوبائی و ضلعی حکومتوں کے افسران اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔اس موقع پر ممبران اسمبلی اور میڈیا کے نمائندگان نے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا کہ دریائے چناب میں شدید طغیانی کے باعث شہر ی آبادی کے حفاظتی بند پر پانی کے شدید دبائو کی وجہ سے وجھلانہ کے دیہی علاقہ کے حفاظتی بند میں اچانک شگاف پڑنے کے باوجودشہری آبادی مکمل طور پر محفوط رہی۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ اٹھارہ ہزاری اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں ریلیف کی کاروائیوں کے دو دن کے عرصہ میں کوٹ خیرا اور وجھلانہ کے متاثرین سیلا ب کیلئے ضلع فیصل آ باد کی انتظامیہ کے تعاون سے خیمہ بستی ،ریلیف کیمپ اور میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا دورہ وفاقی وزیرمملکت عابد شیر علی نے کیا۔بعد ازاں متاثرین سیلاب سے خطاب کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے نقصانات کا نہ صرف ازالہ کیا جائیگا بلکہ ان کے گھر بھی تعمیر کروائے جائینگے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس قدرتی آفت کے دوران جانی نقصان کے حوالہ سے ہر متاثرہ خاندان کو 16لاکھ روپے فی کس کے حساب سے امدادی چیک ادا کر دیئے گئے ہیں جبکہ ہر متاثرہ خاندان کو ابتدائی امداد کی25ہزار روپے کی امدادی قسط عید سے قبل ادا کر دی جائیگی ۔انہوںنے انتظامیہ کو ریلیف کاروائیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif