کروڑ لعل عیسن کی خبریں 16/9/2014

Sahibzada Faiz-ul-Hassan

Sahibzada Faiz-ul-Hassan

لیہ (نامہ نگار) موجودہ حکومت جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھا رہی ہے۔ حلقہ NA-181 میں بھی ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ یہ بات ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن نے گزشتہ روز ٹی ایم اے کروڑ میں ایس ڈی او ذکاء اللہ نیازی اور انجینئر برانچ کے اہلکاروں سے میٹنگ کے بعد شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل چوبارہ میں پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے کامرس کالج ، بہت سے سکولز اور سڑکات تعمیر کی جارہی ہیں۔ اسی طرح تحصیل کروڑ میں پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے ایمرجنسی بلاک اور آپریشن تھیٹر کی تعمیر ، پانچ کروڑ روپے سے فتح پور کروڑ کا بائی پاس اور کروڑوں روپے سے PCC سلیب ، سولنگ نالیاں بنائی جا رہی ہیں۔ ہم نے متاثرین سیلاب کو انگورہ فارم اور اٹھارہ ہزاری کے کیمپوں میں خشک راشن اور وسیع پیمانے پر کھانا تقسیم کیا ہے اور ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف دن رات مصیبت زدگان کے ساتھ ہیں۔ ایسے میں تمام محب وطن پارٹیوں کو سیاست اور دھرنے چھوڑ کر مصیبت میں مبتلا ہزاروں افراد کی مدد کرنے کیلئے آگے آنا چاہیے۔ جھنگ اٹھارہ ہزاری کے متاثرین کو انگورا گوٹ فارم پر کیمپوں میں تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری پارلیمنٹ میاں نواز شریف کے ساتھ ہے اور سب کا متفقہ مؤقف ہے کہ سیلاب اور بارشوں کے باعث آنے والی مصیبت کی اس گھڑی میں دھرنا سیاست ختم کر کے ہمیں بے یارومددگار افراد کی مدد کرنے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات اور این جی اوز متاثرین کی مدد کیلئے کیمپ خیمے راشن اور کھانے پینے کی اشیاء و دیگر سامان بھجوائیں۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے ملک عبدالشکور سواگ ، سابق صدر انجمن تاجران طارق پہاڑ ، التقویٰ ویلفیئر سوسائیٹی کے صدر ملک محمد اسماعیل کھوکھر ، دلدار قریشی ، میاں سیف اللہ ، حاجی عامر خلیل ، غلام عباس سواگ سمیت دیگر افراد موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کروڑ لعل عیسن ( نامہ نگار) ٹی ایم اے کی ناقص کارکردگی، مذبح خانہ سمیت شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگنے سے تعفن پھیلنے سے بیماریوںمیں اضافہ ۔ ٹی ایم اے حکام لمبی تان کر سو گئے۔ شہریوں کا اعلیٰ حکام سے نوٹس کا مطالبہ۔ مذبح خانہ شہر سے باہر بنانے کی بجائے شہر کے وسط تکبیر چوک جہاں پر بیکری ، ہوٹل اور فروٹ کی دکانیں اور کھانے پینے کی دیگر اشیاء کی مارکیٹ ہے کے ساتھ سابق ڈسپنسری کی عمارت کو مرمت کر کے مذبح خانہ بنا دیا گیا اور بھاری رقم کے بل نکلوا لیئے گئے۔ حالانکہ مذبح خانہ شہر سے باہر ہونا چاہیے تھا لیکن ٹی ایم اے حکام کی ناقص پالیسی کی وجہ سے مذبح خانہ شہر کے درمیان میں ہے جہاں ٹی ایم اے کی جانب سے صفائی کا کوئی انتظام نہیں۔ جس کی وجہ سے شہر میں بدبو پھیل رہی ہے۔ تفصیل کے مطابق کروڑ شہر میں ٹی ایم اے کی ناقص کارکردگی کے باعث جگہ جگہ گندگی کے بڑے بڑے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ صفائی ستھرائی کا کوئی کام نہیں ہو رہا ہے۔ جس کے باعث شہر بھر میں مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ جس کی وجہ سے شہر میں تعفن پھیل رہا ہے۔ اور لوگ سانس لینے کی اذیت کا شکار ہیں۔ کروڑ کے عوامی سماجی شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے ٹی ایم سے کی ناقص کارکردگی کا سختی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کروڑ لعل عیسن( نامہ نگار) ملک احمد علی اولکھ الیکشن میں ہار کر بھی عوام کے دکھوں کا مداوا کر رہے ہیں ، ہم ملک احمد علی اولکھ کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے وارڈ نمبر6کے مکینوں کے دیرینہ مسئلہ کو حل کرا کر عوام کے دل جیت لئے ان خیالات کا اظہار منور حسین بغوچی ،عاشق حسین بغوچی امیدوار کونسلرنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وارڈ نمبر 6کے مکین کافی عرصہ سے پکی گلیوں اور سیوریج کے مناسب انتظام سے محروم تھے ، اس مسئلہ کے حل کے لیے آج تک کسی نے ان کی فریاد نہیں سنی ،انہوں نے کہا کہ ملک احمد علی اولکھ ضلع لیہ کے واحد سیاست دان جو غریب عوام کے سب سے بڑے ہمدرد ہیں ، انہوں نے کہا کہ ملک احمد علی اولکھ نے 2013کے الیکشن میں ہارنے کے بعد بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر دم کوشاں ہیں ، انہوں نے کہا کہ وارڈ نمبر6کے مکینوں کے اس سنجیدہ مسئلہ کے حل میں ملک احمد علی اولکھ نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے گلیوں کے پکا کرا دیا اور سیوریج کے لیے پکی نالیاں بنوا کر دے دیں۔