اٹک (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی دریافت خوش آئند ہے، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہم آئندہ چار برس میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیں گے۔
اٹک میں تیل اور گیس کے کنویں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری کوششوں کے نتیجے میں کئی بین الاقوامی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں رضامندی ظاہر کی تھی لیکن عمران خان اور طاہر القادری کے دھرنوں کی وجہ سے ان کمپنیوں نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا جس کی وجہ سے کروڑوں کی سرمایہ کاری نہ ہوسکی اور بے روزگاروں کو روزگار نہ مل سکا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ضروری ہے اور میں قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ مشکل کی گھڑی میں وہ ہمارا ساتھ دے۔