صنعاء (جیوڈیسک) القاعدہ نے کہا ہے کہ عراق اور شام میں مسلح جدوجہد کرنے والے باہمی لڑائیاں ختم کرکے امریکا اور اس کے اتحادیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہوجائیں، شام میں برسرپیکار لوگ امریکا کا آلہ کار بننے سے گریز کریں اور صدر بشارالاسد کے خلاف جنگ جاری رکھیں۔
القاعدہ نے کہا ہے کہ امریکا کے برے دن آنے والے ہیں، ہم اس اتحاد میں شامل ہونے والے تمام ممالک کے عوام سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی آلہ کار حکومتوں کے سامنے کھڑے ہوجائیں اور انہیں تمام قانونی طریقوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے پردے میں اسلام کے خلاف جنگ کا حصہ بننے سے روکیں۔
واضح رہے کہ شام اور عراق میں اسلامی ریاست قائم کرنے والی تنظیم داعش ماضی قریب میں القاعدہ سے منسلک تھی تاہم القاعدہ کے سربراہ ڈاکٹر ایمن الظواہری اس سے لاتعلقی ظاہر کرچکے ہیں جبکہ شام میں النصرہ فرنٹ کو القاعدہ کی حمایت حاصل ہے۔