سبی کی خبریں 19/9/2014

سبی (محمد طاہر عباس) ایف سی نے دہشت گردی کی ممکنہ کاروائی کو ناکام بنا دیا
سبی (محمد طاہر عباس) ایف سی کی کاروائی، بھاری مقدار میں غیر ملکی ودیسی ساختہ کا اسلحہ ، میگزین و رائونڈز، خاردار داریں کاٹنے کے آلات،کٹر و منشیات برآمد، مغوی بازیاب، ایک ملزم گرفتار، دہشت گردی کے ممکنہ کاروائی کو ناکام بنادیا گیا۔ کمانڈنٹ سبی اسکائوٹس کرنل احسن رضا زیدی کی خصوصی ہدایت پر دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے سلسلے میں 89ونگ کے کرنل یٰسین اور صوبیدار میجر امان اللہ کی سربراہی میں ایف سی کی بھاری نفری کے ہمراہ ضلع کچھی کے علاقہ گائوں کولاچی میں ایک مکان پر چھاپہ مارکر بھاری مقدار میں غیر ملکی اور دیسی ساختہ کا اسلحہ رائونڈز،خاردار تیاریں کاٹنے کے آلات،دوربین سمیت منشیات برآمد کرلی ہے جس میں 10عدد رائفلیں ،11پسٹل،02شارٹ گنیں ،03ایس ایم جی،01تھری جی گن،02کالاکوف فلش ہولڈر،65عدد ایل ایم جی چین،01ائیر گن، 04سیلنگ ایس ایم جی، 80میگزین، سینکڑوں رائونڈزکے علاوہ01، ایک کلو چرس ،موٹرسائیکل،01جنریٹر، سٹیلائٹ ڈش ، ٹی وی، ڈرل مشین، سرچ لائیٹس، ٹارچ، کٹرز، دوربین، پلاس، خاردار تاریںکاٹنے کے آلات، تصاویر و دستاویزات شامل ہیں۔ جبکہ کاروائی کے دوران گھر سے ایک مغوی کوبھی بازیاب کرکے ایک ملزم ہدایت اللہ کو گرفتار کر لیا ہے، سبی اسکائوٹس کے کمانڈنٹ کرنل احسن رضا زیدی نے صحافیوں کو بتایا کہ ایف سی نے کامیاب کاروائی عمل میں لاتے ہوئے بھاری مقدار میں غیر ملکی و دیسی ساختہ کا اسلحہ و رائونڈز برآمد کرکے دہشت گردی کی ممکنہ کاروائی کو ناکام بنا دیا ہے، انہوں نے کہا کہ جس گھر میں چھاپہ لگایا گیا ہے۔ وہاں سے پشاور کے رہائشی اسراج گل نامی شخص کو بھی بازیاب کرالیا گیا ہے جسے تین ماہ قبل کوئٹہ سے گھر کے مالک فقیر محمد عرف نصراللہ نے تعاوان کی غرض سے اغواء کیا تھا اور مغوی کی بازیابی کے لیے ورثاء سے40لاکھ روپے کا مطالبہ کیا جارہا تھا، انہوں نے بتایا کہ کاروائی کے دوران ملزم فقیر محمد عرف نصراللہ کے بیٹے ملزم ہدایت اللہ کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ ملزم فقیر محمد گھر میں نہ ہونے کی وجہ سے گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی جو روپوش ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ملزم باپ بیٹا لیویز فورس کے اہلکار ہیں جو وردی کی آڑ میں کافی عرصہ سے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے، جبکہ گرفتار ملزم ہدایت اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ اس کا والد ملزم فقیر محمد عرف نصراللہ اور اس کا چچا نوازی خان غیر قانونی اسلحہ بھی فروخت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جبکہ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
……………
……………
سبی (محمد طاہر عباس) گائے چوری کا جرم ثابت ہونے پر ملزمان کو چھ چھ ماہ قید و جرمانے کی سزا کا حکم، تفصیلات کیمطابق سید غلام قادر شاہ بخاری جوڈیشل مجسٹریٹ ون کی عدالت نے ملزمان سوالی خان، عبدالغفور، عبدالشکور کو اپریل 2014میں اختیار خان چانڈیہ کی ڈیری سے گائے چرانے کا جرم ثابت ہونے پر ت پ 380اور دفعہ 457کے تحت چھ چھ ماہ با مشقت اور فی کس پانچ پانچ ہزار روپے جرمانے کی ادائیگی کی سزا کا حکم سنایا۔ واضح رہے کہ سبی پولیس نے ایک گھنٹے میں ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا تھا استغاثہ کی جانب سے مقدمہ کی پیروی پی ایس آئی چوہدری عبدالرحمن باجوہ کررہے تھے۔
……………………
………………..
سبی (محمد طاہر عباس) کوئٹہ میں شہید ہونے والے صحافیوں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلا ف سبی پریس کلب کے صحافیوں نے علامتی بھوک ہڑتال کا آغاز کردیا،قاتلوں کی گرفتاری اور لواحقین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ ،تفصیلات کیمطابق کوئٹہ میں شہید ہونے والے تین صحافیوں ارشاد مستوئی ،عبدالرسول خجک، محمد یونس کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف سبی پریس کلب کے سرپرست اعلیٰ ملک اکرم بنگلزئی ،اعزازی ممبر محمد طاہر عباس کو سبی پریس کلب کے سابق صدر سلیم گشکوری نے ہار پہنا کر علامتی بھوک ہڑتال پر بٹھا یا اس دوران سبی پریس کلب کے سرپرست اعلیٰ ملک اکرم بنگلزئی ،صدر محمد جان مری ،آفس سیکریٹری میاں یوسف، محمد انور، سابق صدر سلیم گشکوری ، ارشاد خلجی ،ڈاکٹر اعجاز شاہ ،و دیگر صحافیوں نے کوئٹہ میں شہید ہونے والے بے گناہ نہتے قلم کاروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو پنجاب میں سیلاب سے متاثرین کا خیال تو آیا اور سیاسی نمبر بڑھانے کیلئے پنجاب حکومت کو بلوچستان حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے دس کروڑ روپے کا چیک دیا لیکن صد افسوس وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کو بلوچستان کے شہید ہونے والے صحافی جنہوں نے حق اور سچ کی راہ پر چلتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا اور جمہوری عمل کو اپنے خون کے ذریعے استحکام بخشا ،ایک ماہ گزرنے کے باوجود شہید صحافیوں کے قاتلوں کو گرفتار نہ کرنا صوبائی حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ شہید صحافیوں کے لواحقین فاقہ کشی پر مجبور ہیں صوبائی حکومت کی جانب سے شہید صحافیوں کے لواحقین کی بحالی کیلئے ان کو معاوضہ کی عدم ادائیگی بھی صوبائی حکومت پر سوالات کو اٹھا رہی ہے جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے صحافیوں اور ان کے لواحقین باز پرسی نہ کرنے پر صوبے کے صحافیوں میں بے چینی پائی جارہی ہے بھوک ہڑتالی صحافیوںنے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک شہید صحافیوں کے قاتلوں کی گرفتاری اور ان کے لواحقین کو معاوضہ کی ادائیگی کیلئے صوبائی حکومت ٹھوس اقدامات نہیں اٹھاتی تب تک سبی پریس کلب کے صحافی کوئٹہ سمیت صوبہ بھر کے صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

Sibi Scouts

Sibi Scouts