کراچی : انجمن طلباء اسلام کے سٹی ناظم شہیرسیالوی نے جامعہ کراچی شعبہ اسلامک اسٹیڈیز کے ڈین ڈاکٹر شکیل اوج کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
شہیرسیالوی نے مزید کہا کہ اہلسنت کے علما ء ومشائخ کو سرعام ٹارگیٹ کلنگ کا نشانہ بنایاجارہا ہے جبکہ قاتل اور دھشت گرد آزادی سے دندناتے پھر رہے ہیں مگرافسوس حکومت دھشت گردوں کے خلاف کسی قسم کی کاروائی کرنے سے قاصر ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ منظم منصوبہ بندی کے تحت مختلف مسالک کے علماء ومشائخ کو نشانہ بناکر اس کی آڑ میں ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شکیل اوج کا قتل علم دشمنی کی بدترین مثال ہے۔
انجمن طلباء اسلام کے سابق مرکزی رہنما پروفیسر ڈاکٹر شکیل اوج کے قتل کوعلم کی شمع گل کردینے کے مترادف قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے دو دنوں میں جامعہ کراچی کی دو علمی شخصیا ت کی ٹارگیٹ کلنگ میں شہادت حکمرانوں کے لئے لمحہ فکر ہے انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر شکیل اوج کی ساری زندگی عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ اور علم کی شمع روشن کرتے ہوئے گزری آپ اہلسنت کا عظیم سرمایہ تھے جس سے علم کا ایک روشن درخشاں باب بند ہو گیا ہے حکومت ڈاکٹر پروفیسر شکیل اوج کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے۔