نئے صوبوں کے قیام کیلئے پارلیمانی کمیشن تشکیل دیا جائے، فاروق ستار

Farooq Sattar

Farooq Sattar

اسلام آباد (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ 20کروڑ آبادی کا ملک صرف 4انتظامی یونٹس کے ذریعے نہیں چلایا جا سکتا، نئے انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی ضرورت ہے، نئے صوبوں کے قیام کیلئے پارلیمانی کمیشن تشکیل دیا جائے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ موجودہ صورتحال کی وجہ اختیارات کا ارتکازبھی ہے،سندھ کے شہری علاقوں میں احساس محرومی ہے، ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث چھڑ گئی ہے۔

پاکستان کی بقا کے لیے نئے انتظامی یونٹس قائم ہونے چاہئیں، نئے صوبوں کی بات لسانی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے اس بیان کی مذمت کرتے ہیں جس میں انہوں نے کہا ہے کہ سندھ میں نئے صوبے نہیں بنائے جائیں ،کہا جارہا ہے کہ سندھ کے علاوہ پورے پاکستان میں نئے صوبے بنائے جائیں، کیا سندھ کے شہری علاقے پاکستان کا حصہ نہیں،ایسا نہیں چلے گا کہ میٹھا میٹھا ہپ ہپ، کڑوا کڑوا تھو تھو،یہ نہیں چلے گا آپ پر برا وقت آئے تو ہم ساتھ دیں اورہمارے مسئلے کو علاقائی مسئلہ قرارد یا جائے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنی تقریر کے اختتام پر ایوان سے واک آئوٹ کا اعلان کیا ، جس پر ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی ایوان سے باہر چلے گئے۔