اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ایک منظم گروہ ملکی سالمیت کیخلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ تحریک انصاف اور عوامی تحریک تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دے رہی ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہم پر انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے مگر ہم اس میں بھی سرخرو ہوئے، ہم نے ان کی رضامندی سے چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کیا ،مگر یہ لوگ ملک میں امن کی بجائے قبریں کھودنے کی باتیں کرتے ہیں، خونریزی پھیلانا چاہتے ہیں ، میں نے چھ ماہ قبل عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی تھی اس وقت تو انہوں نے دھاندلی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی تھی آج کون سا طوفان آگیا کہ اچانک انہیں انتخابات میں دھاندلی کا احساس ہو گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی کمیٹی قائم کی ہے جو اپنا کام جلد شروع کرے گی، وزیر اعظم نے کہا کہ دھرنوں کی سیاست سے ملکی برآمدات کو کروڑوں کا نقصان ہوا، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم ہوئی اور بیرون ملک سے آنے والی سرمایہ کاری رک گئی آج چینی صدر پاکستان کی بجائے بھارت کے دورے پر چلے گئے اور پاکستان سے ہونے والے کروڑوں کے معاہدے منسوخ ہوگئے۔ ہم ایک بار پھر سب کو باور کرا دیں کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔