اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی بد حالی پر اپوزیشن کو بھی افسوس ہے، حالات دھرنوں اور نعروں سے ٹھیک نہیں ہوں گے۔ اس کیلئے تمام جماعتوں کو مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ دھرنوں کی طاقت سے کوئی وزیر اعظم نہیں بن سکتا۔ آزادی اور انقلاب کے نام پر مٹھی بھر لوگ پورے ملک کی عوام کو ورغلا نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ آج اپوزیشن اور حکومت مل کر جس جمہوری نظام اور آئین کے تحفظ کی بات کر رہے ہیں یہ نظام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو دیا تھا، انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے بھی کفار کیخلاف جہاد کیا تھا لیکن انہوں نے کبھی معصوم بچوں کو کفار کیخلاف ڈھال کے طور پر استعمال نہیں کیا لیکن دھرنا دینے والی دونوں جماعتوں نے اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے بچوں کو بطور ڈھال استعمال کیا۔
میں حکومت کو یقین دلاتا ہوں کہ ملکی سالمیت کے معاملے پر حکومت کو اپوزیشن کا مکمل تعاون حاصل رہے گا ۔ میں اس پارلیمنٹ کو مضبوط کرنا چاہتا ہوں تاکہ جمہوریت، ملک،ایوان،آئین اور ملک مضبوط ہو۔