ارکان پارلیمنٹ نے قوم کو مایوس کیا، الطاف شکور

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ وی آئی پی کلچر کی حمایت کرکے ارکان پارلیمنٹ نے قوم کو مایوس کیا ہے، پاسبان اس کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص کیلئے چاہے وہ رکن پارلیمنٹ ہی کیوں نہ ہو ڈھائی گھنٹے تک مسافر طیارے کو روکنا عوام کی توہین ہے۔

پاسبان پاکستان کے تحت کراچی پریس کلب پر وی آئی پی کلچر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ میں پاسبان کراچی کے ذمہ داران اعجاز بلوچ، سعیدل اور فرید خٹک نے دیگر ذمہ داران اور کارکنان کے ہمراہ شرکت کی۔الطاف شکور نے کہا کہ مسافر طیارے سے برسر اقتدار جماعت کے رہنما اور رکن اسمبلی ڈاکٹر رمیش کماراورحزب اختلاف کے رہنما رحمن ملک کو آف لوڈ کرکے عوام نے تمام سیاستدانوں کو پیغام دے دیا ہے کہ عوام وی آئی پی کلچر کے خلاف متحد ہوچکے ہیں جس کے بھر پور اثرات اگلے عام انتخابات میں نظر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تقاضہ ہے کہ ملک سے طبقاتی نظام کا خاتمہ کیا جائے لیکن جاگیرداروں پر مشتمل پارلیمنٹ طبقاتی نظام کو برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طیارہ نہ روکنے پر ارکان پارلیمنٹ متحد ہوکر ایک نان ایشو پر دو دن سے بحث کرکے وقت ضائع کر رہے ہیں جبکہ عوامی مسائل سے چشم پوشی اختیار کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت سیلاب کی وجہ سے بدترین تباہی، امن و امان، لوڈشیڈنگ، بے روزگاری اور غیریقینی سیاسی صورتحال سے دو چار ہے۔