حیدرآباد (جیوڈیسک) مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد کی جانب سے کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف قدم گاہ مولاعلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرین بینرزوپلے کارڈز اٹھائے ٹارگٹ کلنگ کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا امدا دعلی نسیمی، مولانا گل حسن مرتضائی، عالم کربلائی اور دیگر نےکہاکہ موجودہ حکمران اور ان کے اتحادی ملک میں قائم ہونےو الی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور عوام میں پیدا ہونے والے سیاسی شعورسے سخت نالاں ہیں۔
دہشت گردوں کے ذریعے پورے ملک خصوصاً صوبے سندھ میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کے ذریعے امن کی فضا کو خراب کرنے کی پوری سازش کی جارہی ہے، جس کی مثال کراچی میں علامہ عباس کمیلی کے فرزند علی اکبر کمیلی اور حیدرآباد میں شیعہ مذہبی رہنما سید محسن رضا جعفری کی شہادتیں ہیں، انہوں نے کہاکہ کراچی دہشت گردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے، ایک سال سے کراچی میں جاری آپریشن کے باوجود دہشت گرد کھلے عام بے گناہ لوگوں کو شہید کررہے ہیں۔